غزہ فلسطینیوں کا تھا، انہی کا رہے گا، علامہ سید ساجد نقوی کا دوٹوک پیغام
شیعیت نیوز: علامہ سید ساجد علی نقوی نے غزہ کے حوالے سے امریکی سامراج کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ فلسطینیوں کا تھا اور انہی کا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ صہیونیت کو مقدس سرزمین چھوڑنی ہوگی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پہلے فلسطینیوں کی نسل کشی کی گئی، اور تمام تر مظالم کے باوجود غزہ کے وارث واپس آئے، تو اب سامراجیت و صہیونیت کا گٹھ جوڑ ان کا وجود ختم کرنے کے درپے ہے۔
"انسانیت کا جذبہ رکھنے والے روشن ضمیروں کو ان ظالمانہ اقدامات کے خلاف متحد ہوکر بھرپور آواز بلند کرنی چاہیے”۔ یہ بیان علامہ سید ساجد علی نقوی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فلسطینیوں کے قاتل، صہیونی درندے کے ساتھ ہونے والی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے دیا۔
یہ بھی پڑھیں: دریا سے سمندر تک پورا فلسطین فلسطینیوں کا ہے، رہبر معظم انقلاب
علامہ سید ساجد علی نقوی نے اس بات کو اجاگر کرتے ہوئے کہ سامراج کبھی اپنے عزائم اور انسانیت کش پالیسیوں سے پیچھے نہیں ہٹتا، کہا کہ "ہم نے اول روز ہی کہا تھا کہ امریکی انتخابات میں تبدیلی پر زیادہ پرجوش ہونے کی ضرورت نہیں تھی”۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام تر مظالم اور تاریخی نسل کشی کے باوجود، گھروں سے اسپتالوں، رفاہی اداروں سے صحافتی اداروں کی مسماری کے باوجود، غزہ کے وارث اور مالک نہ صرف سرخرو ہوئے بلکہ جب یہ وارث واپس آئے تو سامراجیوں اور صہیونیوں کا گٹھ جوڑ ان کے وجود کو ختم کرنے کے درپے ہوگیا ہے۔
"عالمی سطح پر متحد ہوکر اس سب سے بڑی انسانی حق تلفی کے خلاف آواز بلند کی جائے اور ظالم کا ہاتھ روکا جائے”، انہوں نے کہا۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے مزاحمتی تحریکوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مزاحمت کی کامیابی کا اہم ترین نکتہ یہ ہے کہ سامراجیوں اور صہیونیوں نے غزہ سمیت پوری ارض فلسطین کو تہہ و بالا کردیا، مگر وہ نہ تو حماس کو ختم کر سکے اور نہ ہی یرغمالیوں تک رسائی حاصل کر پائے۔ "یہ وہ رازدارانہ پالیسی ہے جو فلسطینی مظلوم عوام کی فتح اور اسرائیلی شکست کے مترادف ہے”۔
انہوں نے ایک مرتبہ پھر فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے عالمی یوم القدس کو ملک گیر یوم القدس کے طور پر بھرپور انداز میں منانے کے لیے تیاریاں کرنے کی ہدایات بھی دیں۔







