زیر زمین میزائل اور ڈرون کمپلیکسز کا جلد افتتاح کا اعلان، سپاہ پاسداران انقلاب
"پیامبرِ اعظم 19" کے دوران زیر زمین میزائل ذخیرہ گاہ اور بحری جہازوں کے کمپلیکس کی رونمائی ہوگی

شیعیت نیوز: سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے مسلح افواج کی دفاعی مشقوں کے دوران جدید میزائل اور ڈرون کمپلیکس کا افتتاح کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سپاہ پاسداران کے ترجمان جنرل علی محمد نائینی نے کہا کہ "پیامبرِ اعظم 19” فوجی مشقوں کے دوران جدید میزائل اور ڈرون سٹیز کا افتتاح کیا جائے گا۔ ان مشقوں میں جنوبی ایران میں زیر زمین میزائل ذخیرہ گاہ اور بحری جہازوں کے لیے کمپلیکس کی بھی رونمائی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: یمنی فوج کا بحیرہ احمر میں امریکی بحری جہاز پر حملہ
انہوں نے بتایا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ 18 سے 23 جنوری کے دوران خلیج فارس میں ایک بڑی جنگی مشق کرے گی۔ 11 جنوری کو آبنائے ہرمز میں اسمارٹ ٹریفک کنٹرول مشق کی جائے گی، جس میں تقریباً 300 جنگی جہاز حصہ لیں گے۔ 27 جنوری کو 2,000 سے زائد فوجی اور سول بحری جہازوں کی شرکت کے ساتھ سب سے بڑی بحری پریڈ ہوگی، جہاں شہداء کے نام سے منسوب دو نئے جنگی جہاز "بہمن باقری” اور "رئیس علی دلاوری” نیوی کے بیڑے میں شامل کیے جائیں گے۔
جنرل نائینی نے کہا کہ 10 جنوری کو دارالحکومت تہران میں جنگی مشق کا انعقاد ہوگا، جس میں 1,10,000 بسیجی جوان حصہ لیں گے۔
ترجمان نے ایران کی دفاعی طاقت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایران طویل عرصے سے کسی بھی پیچیدہ جنگ کے لیے تیار ہے اور داخلی طاقت و عوامی حمایت کے ذریعے سازشوں کا مقابلہ کیا ہے۔ انہوں نے صیہونی حکومت کے خلاف کیے گئے وعدہ صادق 1 اور 2 آپریشنز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایران کی وسیع دفاعی طاقت کا ایک چھوٹا سا مظاہرہ تھا۔