اہم ترین خبریںپاکستانپاکستان کی اہم خبریں

کرم میں امن و امان کی بحالی کے لیے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

کرپٹ حکومتی پالیسیوں کے باعث ضلع کرم میں بنیادی سہولتیں، تعلیم اور صحت متاثر، شہریوں کا فوری اقدامات کا مطالبہ

شیعیت نیوز: ضلع کرم میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر قابو پانے، بنیادی سہولتوں کی بحالی اور روزمرہ کی زندگی معمول پر لانے سمیت دیگر امور کو بحال کرنے کے لیے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔ رٹ پٹیشن کرم سے تعلق رکھنے والے وکیل محمود علی طوری ایڈووکیٹ نے علی عظیم آفریدی ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی ہے جس میں وفاقی و صوبائی حکومت، وزارت داخلہ، وزارت قانون، محکمہ صحت، ایجوکیشن اور آئی جی خیبر پختونخوا کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ گزشتہ تین ماہ سے ضلع کرم میں سیکیورٹی صورتحال انتہائی خراب ہے اور تمام شاہراہوں کو بند کیا گیا ہے، سڑکوں کی بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ تمام شہریوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایم ڈبلیو ایم کراچی کے رہنما علامہ مبشر حسن کا تعلیم دشمنی کے خاتمے کا مطالبہ

درخواست گزار کے مطابق امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث شہری صحت، تعلیم اور دیگر ضروریات سمیت کئی ماہ سے ضلع کرم آنے اور جانے سے محروم ہیں، ٹرانسپورٹ اور موبائل سروس بھی بند ہے لہٰذا حکومت کرم میں امن و امان کی بحالی کے لیے اقدامات اٹھائے۔ رٹ پٹیشن کے مطابق ضلع کرم میں امن و امان کو بحال کرکے صحت اور تعلیمی ادارے کھولے جائیں جبکہ طلبہ کے لیے آن لائن کلاسز اور ٹیسٹ و انٹرویوز کے انتظامات کیے جائیں۔

درخواست میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ شہریوں کو بنیادی سہولتیں اور سیکیورٹی فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے اس لیے حکومت کو چاہیے کہ تعلیمی سرگرمیاں بحال کی جائیں جبکہ شہریوں کو صحت کی سہولتوں کی فراہمی کے لیے بھی اقدامات اٹھائیں جائیں۔ مریض بھی پھنسے ہوئے ہیں لہٰذا پارا چنار ایئرپورٹ کو فنکشنل کیا جائے تاکہ شدید بیمار لوگوں کو وہاں سے پشاور اور دیگر اسپتالوں کو منتقل کیا جائے۔ رٹ پٹیشن پر سماعت آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button