امت مسلمہ کو اختلافات کو بھلا کر ایک دوسرے کے قریب آنا ہوگا، علامہ شبیر میثمی
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا محمد عبدالخبیر آزاد سے ملاقات کے دوران علماء کرام نے مسلمانوں میں اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا
شیعیت نیوز : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل و مرکزی نائب صدر ملی یکجہتی کونسل پاکستان علامہ شبیر میثمی نے کراچی میں چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا محمد عبدالخبیر آزاد سے ملاقات کی۔
اس اہم ملاقات میں دونوں مذہبی رہنماؤں نے ملک کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور ملک میں بڑھتی ہوئی فرقہ واریت اور انتہا پسندی کے خلاف متحدہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر علامہ شبیر حسن میثمی کا کہنا تھا کہ ہم تمام فرقوں اور مسالک کے مسلمانوں کو متحد ہونا ہوگا اور ملک کی سلامتی اور ترقی کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : ایم ڈبلیو ایم کی محنت رنگ لائی، شام میں پھنسے پاکستانی زائرین لبنان پہنچ گئے
ہمیں اپنی مشترکہ اسلامی اقدار کو یاد رکھنا ہوگا اور اختلافات کو بھلا کر ایک دوسرے کے قریب آنا ہوگا۔
ملاقات کے دوران دونوں علماء کرام نے مسلمانوں میں اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے مشترکہ طور پر عوام میں امن اور بھائی چارے کا پیغام پھیلانے دینی مدارس میں اعتدال پسندی کی ترویج اور نوجوان نسل کو صحیح اسلامی تعلیمات سے آگاہ کرنے پر اتفاق کیا۔