اہم ترین خبریںایران

ایران پر کیمیائی حملوں میں امریکہ اور جرمنی صدام کے ساتھ شریک جرم ہیں: ایران

ایران کا الزام: امریکہ اور مغربی ممالک نے صہیونی حکومت کو ممنوعہ ہتھیار فراہم کیے

شیعیت نیوز: ایرانی وزارتِ خارجہ کے قانونی اور بین الاقوامی امور کے مشیر کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ صہیونی حکومت اور اس کے حامی، امریکہ اور مغربی ممالک، مختلف ممالک میں نہتے شہریوں کے خلاف کیمیائی ہتھیار استعمال کرچکے ہیں۔

کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی ممانعت کی تنظیم کی 29ویں سالانہ کانفرنس کے موقع پر انہوں نے کہا کہ زمانۂ معاصر میں اسلامی جمہوریہ ایران کیمیائی ہتھیاروں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔ اس وقت صہیونی حکومت فلسطین اور لبنان میں ممنوعہ ہتھیاروں کا استعمال کر رہی ہے، اور اس میں امریکہ اور مغربی ممالک اپنی حمایت کے ذریعے شریکِ جرم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: صہیونی صدر اسحاق ہرٹزوگ کا غزہ میں حماس کے سامنے شکست کا اعتراف

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، جبکہ دنیا کے ممالک کو صہیونی حکومت کو ہتھیار فروخت کرنے کا سلسلہ بند کرنا ہوگا۔ اسرائیل نے بین الاقوامی امن فورس یونیفل پر بھی کیمیائی ہتھیار استعمال کیے ہیں۔

کاظم غریب آبادی نے مزید کہا کہ ایران نے ہمیشہ ممنوعہ ہتھیاروں کے حوالے سے بین الاقوامی قوانین پر عمل کیا ہے۔ تاہم، امریکہ اور اس کے حامیوں نے نہتے شہریوں پر استعمال کے لیے صہیونی حکومت کو ممنوعہ ہتھیار فراہم کیے اور اس حوالے سے بین الاقوامی اداروں کو اطمینان بخش جواب نہیں دیا۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ امریکہ اور مغربی ممالک نے ایران کے خلاف جنگ میں صدام حسین کی حمایت کرتے ہوئے کیمیائی ہتھیار فراہم کیے۔ امریکہ اور جرمنی ایران پر کیمیائی حملوں میں صدام کے ساتھ جرم میں شریک ہیں۔ ان ممالک کو بین الاقوامی فورمز پر جوابدہ ہونا ہوگا تاکہ کیمیائی حملوں سے متاثر ایرانیوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جاسکے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button