ایران اسرائیلی دھمکیوں کا مؤثر جواب دے گا، ترجمان وزارت خارجہ
شیعیت نیوز: ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران تل ابیب رجیم پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسی حکومت جو اقوام متحدہ کے اصولوں اور بین الاقوامی معاشرے میں پرامن زندگی پر یقین نہیں رکھتی، بنیادی طور پر بین الاقوامی فورمز میں موجودگی کے قابل نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے خلاف تل ابیب رجیم کے جوہری خطرات اور جارحانہ رویہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے خصوصی نمائندے نے تمام ممالک سے درخواست کی ہے کہ اجتماعی طور پر صیہونی حکومت کو اقوام متحدہ کا رکن بننے سے روکیں۔ اس اقدام کو ایران کی حمایت حاصل ہے، اور دیگر ممالک کی شرکت کا بھی خیر مقدم کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حزب اللہ اور حماس کا بڑا حملہ، صیہونی کمانڈر سمیت متعدد فوجی ہلاک
بقائی نے کہا کہ یہ ایک عالمی اصول ہے کہ نسل کشی، وحشیانہ جرائم، اور جنگی جارحیت کے مرتکب افراد کو سخت سزا ملنی چاہیے۔ لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ صیہونی رجیم گزشتہ سال سے امریکہ کی حمایت میں فلسطینیوں کی نسل کشی اور قتل عام میں مصروف ہے۔
انہوں نے امریکہ کی جانب سے صیہونی حکومت کی حمایت میں بین الاقوامی قوانین کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے پر شدید تنقید کی۔ بقائی نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات انصاف کی راہ میں رکاوٹ ہیں اور شریک جرم کے زمرے میں آتے ہیں۔







