پاراچنار محاصرہ پر کے پی حکومت کی نااہلی، عمران خان کا علامہ راجہ ناصر کو پیغام
شیعیت نیوز : پاراچنار میں ایک ماہ سے جاری محاصرے پر سربراہ ایم ڈبلیو ایم پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے تحفظات، شکایات اور صوبائی حکومت کی ناقص حکمت عملی پر بانی تحریک انصاف عمران خان نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔
مرکزی جنرل سیکرٹری بیرسٹر سلمان اکرم راجہ اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈا پور کو فوری علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے رابطے اور شکایات دور کرنے کی ہدایت کی۔
بیرسٹر سلمان اکرم راجہ اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے سینیٹرعلامہ راجہ ناصر عباس سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ آج اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کے دوران وکلاء کی جانب سے عمران خان کو پاراچنار محاصرے اور صوبائی حکومت کی ناقص کارکردگی پر آپ کے شکوے شکایات سے آگاہ کیا گیا۔
جس پر انہوں نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت کی سرزنش کی۔
یہ بھی پڑھیں : کوئٹہ بم دھماکہ حکومت اور انتظامیہ کی غفلت کا نتیجہ ہے، ایم ڈبلیو ایم بلوچستان
عمران خان نے مجھے آپ سے فوری رابطے کا حکم دیا اور آپ کے تحفظات کو دور کرنے کی ہدایت دی۔
کچھ دیر میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا بھی آپ کو فون کریں گے۔
بعد ازاں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں خصوصی طور پر پاراچنار کے مسائل پر بات کی ہے اور تمام متعلقہ حکام اور اداروں کو پابند کیا ہے کہ فوری طور پر پشاور پاراچنار روٹ پر آمد ورفت کو یقینی بنایا جائے۔
عوام کی جان ومال کو تحفظ فراہم کرنے اور اشیائے ضرورت کی فوری فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
علی امین گنڈا پور نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو پشاور دورے کی دعوت بھی دی۔







