اسلام آباد میں شہدائے قدس کی یاد میں عظیم تعزیتی ریفرنس، مجلس وحدت مسلمین کا اہم پیغام
شیعیت نیوز: مکتب علمائے اہلبیت پاکستان کے زیر اہتمام اسلام آباد میں شہدائے قدس کی یاد میں ایک عظیم تعزیتی ریفرنس کا انعقاد ہوا، جس میں مختلف مسالک کے علمائے کرام سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس تعزیتی ریفرنس میں مجلس وحدت مسلمین کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجا ناصر عباس جعفری، سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا، ممبر اسلامی نظریاتی کونسل علامہ سید افتخار حسین نقوی، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ، جماعت اہل حرم پاکستان کے سربراہ مفتی گلزار احمد نعیمی، امت واحدہ پاکستان کے سربراہ علامہ محمد امین شہیدی، علامہ حسنین عباس گردیزی، شیخ انور علی نجفی، جماعت اسلامی کے راہنما پروفیسر محمد ابراہیم، علامہ عارف واحدی، علامہ ثمر نقوی، علامہ انیس الحسنین خان، علامہ اصغر عسکری، ڈاکٹر عیسی امینی ودیگر رہنماؤں نے شرکت اور خطاب کیا۔
سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہل غزہ تمام تر صعوبتوں کے باوجود بہادری سے کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اہل غزہ کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مظلوم فلسطینیوں کا لہو آئندہ نسلوں تک جاری رہے گا اور ہمیں یقین ہے کہ ہم مزاحمت کی کامیابی اور اسرائیلی رجیم کی نابودی دیکھیں گے۔
علامہ سید حسنین عباس گردیزی نے کہا کہ فلسطینی و لبنانی مظلومین کے جذبہ ایمانی اور استقامت کے سامنے استعماری طاقتیں شکست کھا چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل اپنے ناپاک عزائم کے باوجود جلد ہی اپنے انجام کو پہنچے گا۔
یہ بھی پڑھیں: سینیٹرعلامہ راجہ ناصرعباس کی جانب سے ایم ڈبلیوایم کے تمام پارلیمانی لیڈرزکو سند استقامت پیش
نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ ایک سال سے فلسطین پر ظلم کی انتہاء جاری ہے اور عالمی عدالت انصاف نے اسرائیل کو جنگی جرائم کا مرتکب قرار دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی کو روکنے کے لئے عالمی برادری کو متحد ہونا پڑے گا۔
صاحبزادہ محمد حامد رضا نے کہا کہ اسرائیلی رجیم نے اہم اسلامی مزاحمتی قیادتوں کو شہید کیا ہے مگر یہ شہادتیں مزاحمت کو مزید تقویت بخشیں گی۔
علامہ محمد امین شہیدی نے کہا کہ فلسطین میں جاری جنگ حق اور باطل کی جنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے معاملے میں خاموش رہنا صہیونی فکر کی حمایت کے مترادف ہے۔
مفتی گلزار نعیمی نے کہا کہ صہیونیوں کا اصل دارالخلافہ تل ابیب نہیں بلکہ وہ تمام ممالک ہیں جو ظالموں کے حامی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملی یکجہتی کونسل کو اس مسئلے پر کلیدی کردار ادا کرنا چاہئے۔







