امریکہ پاکستان کے داخلی معاملات میں مداخلت سے باز رہے، اراکین پارلیمنٹ کا سخت پیغام
شیعیت نیوز : امریکہ کے 62 نمائندگان کے خط کے جواب میں پاکستان کے 160 ارکان پارلیمنٹ نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا، جس میں ایک مخصوص پارٹی کے بے بنیاد سیاسی بیانیے پر امریکی حکومت سے تحفظات کا اظہار کیا گیا۔
خط میں ایک سیاسی جماعت کے سیاسی عمل اور ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کی مہم پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ ارکان پارلیمنٹ نے خط میں کہا کہ بحیثیت پارلیمنٹیرین، وہ فرض سمجھتے ہیں کہ وزیراعظم کے ذریعے کانگریس کے ممبران کو آگاہ کریں کہ پاکستان جمہوری چیلنجز سے نبرد آزما ہے، جسے انتہاپسندی کی سیاست نے مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی فورسز نے اسرائیلی ایجنٹوں سے منسلک دہشت گرد گروہ کو پکڑ لیا
ادھر امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین کے خلاف قانونی کارروائی کو پاکستانی عدالتوں کا معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی وزارتِ عظمیٰ سے برطرفی میں امریکا کا کردار نہیں ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ پاکستانی سیاست کا معاملہ پاکستانی عوام کو قانون اور آئین کے مطابق طے کرنا ہے، اور عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی بھی پاکستانی عدالتوں کا معاملہ ہے، جنہوں نے ہی اس کا فیصلہ کرنا ہے۔







