دو ریاستی نظریہ فلسطینیوں سے خیانت ہے، حامد میر

29 اکتوبر, 2024 19:44

شیعیت نیوز: اسلام آباد میں فلسطین فاؤنڈیشن آف پاکستان کے زیر اہتمام ایک سمینار منعقد ہوا جس کا عنوان تھا "طوفان سے آزادی تک”۔ رپورٹ کے مطابق اس سیمینار سے خطاب میں پاکستان کے ممتاز صحافیوں اور سیاست دانوں نے مشرق وسطیٰ کے حالات، غزہ اور بیروت میں غاصب صیہونی حکومت کے جرائم کے دوام اور ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت پر گفتگو کی۔

سیمینار سے خطاب میں پاکستان کے سینئر صحافی حامد میر نے پاکستانی عوام کی جانب سے فلسطین کی حمایت کی پابندی اور عالمی سامراج کی کثرت طلبی سے بیزاری پر زور دیا۔ انھوں نے بالفور اعلامیہ کو برطانیہ کی سازش اور سرزمین فلسطین پر قبضے کا آغاز قرار دیا اور کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنا یا دو ریاستی نظریے کو قبول کرنا فلسطینی قوم سے خیانت ہے۔

حامد میر نے کہا کہ پاکستانی عوام فلسطین کی آزادی اور سرزمین فلسطین میں واحد فلسطینی ریاست کے حامی ہیں اور وہ فلسطین میں دو ریاستوں کے قیام کے منصوبے کو ہرگز تسلیم نہیں کریں گے۔

سوشل میڈیا پر سرگرم پاکستان کے ایک اور صحافی رضی طاہر نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف صیہونی حکومت کی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی دشمن کے جارحیتوں کا مقصد گریٹر اسرائیل کی سازش کو آگے بڑھانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شیخ نعیم قاسم کے انتخاب کے ساتھ ہی اسرائیل پر حزب اللہ کا حملہ، کئی صیہونی ہلاک

پاکستان کے ایک اور ممتاز صحافی ہرمیت سنگھ، جن کا تعلق سکھ برادری سے ہے، نے مشرق وسطیٰ میں صیہونی جرائم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ استقامتی محاذ کے لیڈران، شہید سید حسن نصراللہ، شہید یحییٰ سنوار، اور شہید اسماعیل ہنیہ دنیا میں فلسطین کے حامیوں اور مجاہدین بیت المقدس کے لیے مشعل راہ ہیں۔

انھوں نے کہا کہ نیتن یاہو اور اس کا دہشت گرد گینگ، امریکا اور اس کے اتحادیوں کی مکمل حمایت سے فلسطین اور لبنان کے نہتے عوام کا قتل عام کر رہا ہے اور علاقائی ممالک نیز انسانی حقوق کے دعویداروں کی خاموشی نے اس کا وحشیانہ پن بڑھا دیا ہے۔

فلسطین فاؤنڈیشن آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے سیمینار سے خطاب میں پاکستانی عوام کے مختلف طبقات کی جانب سے فلسطین کی حمایت، اور غزہ نیز بیروت میں صیہونی حملوں میں شہید ہونے والے صحافیوں سے ملک کی صحافی برادری کی یکجہتی کی قدردانی کی۔

انہوں نے مسلم ملکوں سے مطالبہ کیا کہ صیہونی حکومت پر دباؤ بڑھانے کے لیے اس کا سیاسی، سفارتی، اور تجارتی بائیکاٹ کیا جائے۔

9:04 صبح مارچ 10, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top