یحییٰ سنوار، اسماعیل ہنیہ، اور حسن نصر اللہ کے راستے پر چلنے کے لیے تیار ہیں، سراج الحق
شیعیت نیوز: سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے آئی ایس او پاکستان کے سالانہ مرکزی کنونشن میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں 58 اسلامی ممالک اور دو ارب مسلمان موجود ہیں، جن میں کئی ایٹمی طاقتیں اور وسائل سے مالا مال ممالک شامل ہیں، جیسے پاکستان۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان ممالک کے ایٹم بم اور طاقتیں فلسطینیوں یا دیگر مظلوم مسلمانوں کے کسی کام نہیں آئیں۔ جب کسی اسلامی ملک پر حملہ ہو تو یہ فوراً ردعمل دیتے ہیں، لیکن فلسطین میں 42 ہزار مسلمانوں کے قتل پر ان کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگتی۔
یہ بھی پڑھیں : آئی ایس او پاکستان میں فکری اور نظریاتی لحاظ سے بہترین تنظیم ہے، مولانا سراج الحق
مزید برآں، انہوں نے پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک کے حکمرانوں کو بے غیرت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اسرائیل کے خلاف بات نہیں کر سکتے۔ پاکستان کے حوالے سے انہوں نے اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اپنے شہریوں اور عوام کو دبانے کے لیے ہر طاقت کا استعمال کرتے ہیں، لیکن اسرائیل کے خلاف ایٹمی طاقت کسی کام نہیں آتی۔
مزید انہوں نے کہا کہ ہم یحییٰ سنوار، اسماعیل ہنیہ، اور حسن نصر اللہ کے راستے پر چلنے کے لیے تیار ہیں اور ان شاء اللہ اسی راہ پر چلتے ہوئے مظلوموں کا ساتھ دیں گے۔







