علامہ سید ساجد علی نقوی کا 12 ربیع الاول کے موقع پر پیغام
شیعیت نیوز : علامہ سید ساجد علی نقوی نے 12 ربیع الاول کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا: نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اعلیٰ و ارفع اوصاف و کمالات کا مجموعہ ہستی کی سیرت طیبہ اُمت محمدی بلکہ پوری انسانیت کے لیے نمونہ عمل ہے۔
انہوں نے کہا: میلاد خاتم الانبیاء صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا جشن منانے کے ساتھ ساتھ ان کی تعلیمات کو بھی مدنظر رکھا جائے اور ہر شعبہ زندگی میں کسی بھی بدترین بگاڑ کو پیغمبر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کی روشنی میں درست کیا جائے۔
علامہ ساجد نقوی نے کہا: خاتم الانبیاء صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات طیبہ اور سیرت و کردار ہم سے یہ تقاضا کرتا ہے کہ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کی روشنی میں اتحاد و وحدت کو فروغ، سسٹم میں موجود خامیوں اور نظام کو درست کرتے ہوئے اسے فلاحی مملکت بنائیں۔
یہ بھی پڑھیں : نبی اکرم (ص) سے محبت ہر مومن کا ایمان کا سرمایہ ہے، ڈاکٹر طاہر القادری
انہوں نے مزید کہا: جب ہمارا پختہ یقین ہے کہ ہم سب کا ایک خدا، ایک رسول، ایک قرآن اور ایک کعبہ پر ایمان ہے تو فروعی نوعیت کے اختلافات میں علمی سطح، مہذب انداز اور شائستگی کی عادت ڈالنی چاہیے۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا: ہمارے مراجع کرام اور آیات عظام نے واضح کہا ہے کہ تمام مکاتب فکر اور مسالک کے مقدسات کا احترام لازم اور ان کی توہین ممنوع ہے۔
علامہ سید ساجد نقوی نے کہا: ملت اسلامی وحدت کا عملی مظاہرہ کرکے انسان دشمن عناصر پر واضح کر دیں کہ وہ اُمت مسلمہ کے اتحاد و وحدت کو کسی صورت نقصان نہیں پہنچا سکتے۔







