ایرانی ڈاکٹرز کی میڈیکل کی دنیا میں کامیابی، بغیر آپریشن دل کی رگیں کھولنے کا طریقہ
ارنا نے ایران کے صلابت شریان (Atherosclerosis) کے ماہرین کی ایسوسی ایشن کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ امراض قلب پر چوبیسویں کانگریس کے چیئرمین ڈاکٹر مسعود قاسمی نے بتایا ہے کہ بغیر آپریشن کے دل کی رگیں کھولنے کی یہ نئی ٹیکنالوجی ان مریضوں کے لیے نوید بخش ہے جن کے دل کی رگیں کھولنے کے لیے آپریشن ضروری سمجھا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ (Atherosclerosis) یعنی صلابت شریان ایک ایسی بیماری ہے جس میں شریان چربی جم جانے کی وجہ سے بالکل بند ہو جاتی ہے اور مریض کو کسی بھی لمحہ ہارٹ اٹیک کا خطرہ رہتا ہے۔ اب تک اوپن ہارٹ سرجری سے ہی اس کا علاج ممکن سمجھا جاتا رہا ہے لیکن ایرانی ڈاکٹروں کی ایجاد کردہ اس نئی روش سے بغیر آپریشن کے ایسی شریانوں کو کھولنا ممکن ہو گیا ہے۔
ایران کے امراض قلب پر چوبیسویں کانگریس کے چیئرمین ڈاکٹر مسعود قاسمی نے بتایا ہے کہ ایسی شریانوں کے علاج کا نیا طریقہ قدیم طریقے سے بہت بہتر ہے اور اس میں مخصوص اسپرنگ کی مدد سے بغیر آپریشن کے شریانوں کو کھولا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس نئی روش میں ایک نئی ایجاد شدہ مشین سے کام لیا جاتا ہے جو ترقی یافتہ دنیا میں متعارف ہونے کے دو تین مہینے کے اندر ہی ایران پہنچ گئی۔
یہ بھی پڑھیں : امام زمانہؑ کے گمنام سپاہی انقلاب اسلامی کے حقیقی سپاہی ہیں، ایرانی صدر
ڈاکٹر مسعود قاسمی نے بتایا ہے کہ حال میں صلابت شریان میں مبتلا ایک سڑسٹھ سالہ شخص کا، جس کو ڈائبٹیز بھی تھی، اس نئی روش کے ذریعے کامیاب علاج کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ اس نئی روش کے ذریعے اس کی وہ شریان بھی کھول دی گئی جو اس سے پہلے اس کو الگ سے لگائی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ اس نئی روش کے کامیاب تجربات اور نتائج امراض قلب پر ہونے والی چوبیسویں کانفرنس میں پیش کیے جائیں گے۔
ایران کے صلابت شریان (Atherosclerosis) کے ماہرین کی ایسوسی ایشن کے صدر نے بتایا کہ یہ کانفرنس "عشق وسلامتی کے ساتھ تپش قلب” کے زیر عنوان 17 سے 20 ستمبر تک تہران میں منعقد ہوگی۔







