امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا ادارہ منہاج الحسینؑ کا دورہ علامہ محمد حسین اکبر سے ملاقات
شیعیت نیوز: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے وفد کے ہمراہ ادارہ منہاج الحسینؑ جوہر ٹاون کا دورہ کیا اور سربراہ ادارہ منہاج الحسینؑ علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر سے ملاقات کی۔اس موقع پر موجودہ عالمی صورتحال بالخصوص غزہ فلسطین اور ملکی سیاسی و سماجی حالات اور امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز اور ان کے حل کے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
سراج الحق نے علامہ محمد حسین اکبر کو 19 نومبر کو لاہور میں پنجاب یونیورسٹی کمپیس پل پر ہونیوالے غزہ مارچ میں شرکت کی دعوت دی اور کہا کہ ادارہ منہاج الحسینؑ کے علماء و طلبہ و طالبات غزہ مارچ میں بھرپور شرکت کریں۔ سراج الحق نے کہا کہ امت کے مسائل کا حل وحدت میں مضمر ہے، امت کو متحد ہو کر آواز بلند کرنا ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: فلسطین کا ساتھ نہ دیا تو اسرائیل مکہ و مدینہ پر بھی قبضہ کرلے گا، امیر جماعت اسلامی سراج الحق
علامہ محمد حسین اکبر نے کہا کہ فلسطین عربوں کا نہیں، بلکہ اُمت کا مشترکہ مسئلہ ہے، اس کے حل کیلئے ملت جعفریہ پاکستان پوری امت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی نے فلسطینیوں کو مایوس کیا، جس کا پوری امت کو دکھ ہے۔ آخر میں امیر جماعت اسلامی نے ادارہ کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر سراج الحق کو ادارہ کی مطبوعات پیش کی گئیں۔ وفد میں شامل خطیب مسجد منصورہ عبدالقیوم گجر، ڈاکٹر سلیم انجم، عبدالعزیز عابد، اکرم شاہین، رانا ریاض شامل تھے، جبکہ علامہ محمد سبطین اکبر، علامہ حسن رضا باقر، علامہ سجاد جوادی، مولانا جعفر عباس، سید عباس زیدی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔







