دنیا

تل ابیب، صہیونی اسیروں کے رشتہ داروں کا نیتن یاہو کے خلاف مظاہرہ

شیعیت نیوز: حماس کے ہاتھوں اسیر ہونے والے صہیونی اسیروں کے رشتہ داروں نے تل ابیب میں نیتن یاہو کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہرہ کیا۔

روسیا الیوم نے کہا ہے کہ طوفان الاقصی میں حماس کے ہاتھوں اسیر ہونے والے صہیونی اسیروں کے رشتہ داروں نے تل ابیب میں صہیونی وزیراعظم نیتن یاہو کے خلاف سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا اور غزہ میں قید صہیونیوں کی جلد رہائی کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین نیتن یاہو سے مطالبہ کررہے تھے کہ فوری طور پر غزہ کے خلاف کاروائیاں روک دی جائیں تاکہ قیدیوں کا تبادلہ ممکن ہوجائے۔

دوسری طرف سینکڑوں صہیونیوں نے نیتن یاہو حکومت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی اور وزیراعظم کی فوری برطرفی کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین سزاریہ میں واقع وزیراعظم ہاؤس کے باہر ہاتھوں میں پلے کارڈز لیئے ہوئے نیتن یاہو کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے۔

نیتن یاہو نے کئی مرتبہ اعلان کیا ہے کہ غزہ کے خلاف کاروائی اس وقت بند کی جائے گی جب حماس تمام صہیونی اسیروں کو رہا کردے۔

یاد رہے کہ 7 اکتوبر کو طوفان الاقصی آپریشن میں حماس نے اسرائیل پر حملے کرکے سینکڑوں فوجیوں سمیت متعدد اسرائیلیوں کو اسیر بنالیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ریاض میں اسلامی ممالک کا اجلاس، عراقی رہنما مقتدی الصدر کی دس تجاویز

دوسری جانب غاصب صیہونی حکومت کے سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ ایک میزائل مغربی الجلیل میں گرا اور جنوبی لبنان سے میزائل حملے کے بعد مقبوضہ فلسطین کے شمالی علاقوں میں خطرے کے سائرن کی آواز سنائی دی۔

المیادین نے بتایا ہے کہ صیہونی فوج نے جنوبی لبنان سے شمالی مقبوضہ فلسطین کے علاقے مغربی الجلیل پر میزائل گرنے کی خبر دی ہے۔

قابض صیہونی فوج نے دعویٰ کیا کہ لبنان کی سرحد سے مغربی الجلیل کے ایک غیر آباد علاقے کو میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔

ادھر صیہونی حکومت کے ذرائع ابلاغ نے بھی مقبوضہ علاقوں کے شمال میں خطرے کے سائرن بجنے کی خبر دی۔

جنوبی لبنان میں المیادین کے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ صیہونی فوج نے اس میزائل حملے کے جواب میں دو قصبوں شیحین اور الجبین کو توپ خانے سے نشانہ بنایا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button