امید ہے کہ مصر غزہ تک کھانا، دوائیں اور ایندھن پہنچانے کے لئے رفح پاس کھول دے گا، ایران
شیعیت نیوز: ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اپنے مصری ہم منصب سے کہا ہے کہ امید ہے کہ مصرغزہ کے مظلوم عوام تک خوراک، پانی، دوائیں اور ایندھن پہنچانے کے لئے رفح پاس کھول دے گا۔
ارنا کے مطابق وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے بتایا ہے کہ انھوں نے ریاض میں اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی اور عرب لیگ کے مشترکہ ہنگامی سربراہی اجلاس کے موقع پر اپنے مصری ہم منصب سامح شکری کے ساتھ غزہ کے حالات اور محاصرہ ختم کئے جانے کے بارے میں تفصیل سے بات چیت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیل کے ساتھ تعلقات کا قیام شیطان اور ابلیس سے تعلقات استوار کرنا ہے،جسکی ہم کسی کو اجازت نہیں دیں گے، علامہ راجہ ناصرعباس
انھوں نے اس ملاقات کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے اپنے سوشل میڈیا کے ایکس پیج پر لکھا ہے کہ ’’ریاض میں مصر کے وزیر خارجہ جناب سامح الشکری سے کہا کہ آج ہمارے امتحان کا دن ہے اور توقع کی جاتی ہے کہ مصر غزہ تک کھانا، پانی ،دوائيں اور ایندھن پہنچانے کے لئے رفح پاس کھول دے گا۔‘‘
یاد رہے کہ ریاض میں منعقدہ اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی اور عرب لیگ کے ہنگامی سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے صدر جمہوریہ ایران سید ابراہیم رئیسی کے ساتھ جانے والے وفد میں وزير خارجہ حسین امیر عبداللّہیان بھی شامل تھے ۔
وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے ریاض میں غزہ کے بارے میں مختف ملکوں کے وزرائے خارجہ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں میں تبادلہ خیال کیا تھا۔
ایران کے وزیر خارجہ نے ریاض میں ایک پریس کانفرنس سے بھی خطاب کیا تھا جس میں انھوں نے کہا تھا کہ غزہ کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے اور مظلوم فلسطینی عوام کا قتل عام اسلامی ملکوں کی مشترکہ اور متحدہ مساعی سے بند ہوگا۔







