مقبوضہ فلسطین

اسرائیل کے فضائی حملے میں حماس کے اہم کمانڈر ایمن نوفل شہید

شیعیت نیوز: فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کا کہنا ہے کہ اس کے مسلح ونگ کا ایک اہم رہنما ایمن نوفل غزہ کی پٹی میں اسرائیلی حملے کے دوران شہید ہو گئے ہیں۔

حماس نے منگل کو ایک بیان میں بتایا کہ ایمن نوفل ابو احمد جنرل ملٹری کونسل کے رکن تھے۔

حماس کے مطابق القسام بریگیڈز کی مرکزی کمان کے کمانڈر وسطی غزہ کی پٹی پر اسرائیل کے فضائی حملے میں شہید ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ اسرائیل نے سات اکتوبر کو مزاحمت کاروں کی جانب سے حملوں کے بعد حماس کے زیرِاقتدار غزہ پر بمباری کی ہے، جسے ملکی تاریخ کا بدترین حملہ کہا جا رہا ہے۔

دونوں جانب سے حکام نے بتایا کہ ’’لڑائی میں اب تک اسرائیل میں 1,400 سے زائد جبکہ غزہ میں 2,700 سے زیادہ افراد جان گنوا چکے ہیں۔‘‘

اسرائیل نے حماس کے ساتھ جاری لڑائی کے دوران اپنے سرحدی علاقے کو زیادہ تر آبادی سے خالی کرا لیا ہے۔

جب کہ دوسری جانب غزہ کے 24 لاکھ رہائشیوں کے لیے فلسطین کی سرزمین چھوڑنا ناممکن ہو گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : غزہ میں فلسطینیوں کا ہولو کاسٹ جاری، شہداء کی تعداد 3473ہوگئی

دوسری جانب فلسطین کی ہلال احمر سوسائٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے گزشتہ رات تل الہوی محلے میں قدس ہسپتال پر مسلسل بمباری کی ہے۔

فلسطین کی ہلال احمر سوسائٹی کے بیان میں مزید آیا ہے کہ صیہونی دشمن نے قدس ہسپتال کے اردگرد کی بڑی سڑکوں کے پاس واقع رہائشی عمارتوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔

فلسطین کی ہلال احمر سوسائٹی نے مزید کہا ہے کہ اس بمباری کے نتیجے میں اس ہسپتال کو بھی شیل لگے ہیں جبکہ اس ہسپتال میں تقریبا آٹھ ہزار بے گھر افراد نے پناہ لے رکھی ہے اور ہسپتال کا عملہ بھی اس میں موجود ہے۔

فلسطین کی وزارت صحت کے ترجمان نے کہا ہے کہ غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کے نتیجے میں تین ہزار چار سو اٹھتر فلسطینی شہید اور بارہ ہزار پینسٹھ زخمی ہوچکے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button