اسرائیل نام کا ملک تھا اور نہ رہے گا، ہم اسرائیل کا خاتمہ دیکھیں گے ، ناصر عباس شیرازی

14 اکتوبر, 2023 12:17

امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا 52 واں قرآن و اہل بیت کنونشن جامعہ المصطفیٰ میں جار ی ہے

۔ کنونشن کے دوسرے روز ” استقامت فلسطین کانفرنس“سے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ،سابق وفاقی وزیر تعلیم منیر گیلانی،مجلس وحدت مسلمین کے رہنما ناصر عباس شیرازی ، اوریا مقبول جان،علامہ عقیل موسیٰ اور مرکزی صدر آئی ایس او حسن عارف نے خطاب کیا۔

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے اسرائیل کے خلاف حماس کے آپریشن طوفان الاقصٰی کو بروقت قراردیتے ہوئے فلسطینیوں نے استقامت کے ساتھ آزادی کی تحریک کو زندہ رکھاہے،

ضرور کامیاب ہوں گے۔انہوں نے کہا امریکہ اور برطانیہ ڈھٹائی کے ساتھ قابض اسرائیل کی مدد کررہے ہیں،

جبکہ عالم اسلام سیاسی اور مسلکی شدت کا شکار ہے۔

ایران اور لبنان سے حماس کو تعاون حاصل ہے جبکہ باقی مسلم ممالک نے تو گھٹنے ٹیک دئیے ہیں۔سابق وفاقی وزیر تعلیم منیر گیلانی نے کہا فلسطینیوں کو پانی کی قلت کا سامنا ہے اگر پاکستان کے عوام مصر کے راستے سے پانی پہنچاتے تو ہم بھی اس جہاد میں شامل ہوجاتے۔

اگر کوئی یہ سمجھ رہا ہے کہ مجاہدین کی طرف سے سیز فائرہوگا تو وہ غلطی پر ہے۔

فلسطینی مجاہدین نے ثابت کر دیا ہے کہ ہم اللہ تعالیٰ کی قوت کے سہارے اس صیہونی شیطانی قوت کو خطے سے باہر نکال کر دم لیںگے۔

اگرچہ امریکہ یا یورپی ممالک برطانیہ، فرانس، جرمنی بھی میدان میں آچکے ہیں مگرحالات بتارہے ہیں کہ جنگ ان کے ہاتھ سے نکل چکی ہے۔

حماس، حزب اللہ اور القدس فورس کی صورت میں بے خوف و خطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں،

یقینا اللہ کی نصرت سے یہی کامیاب ہوں گے۔مجلس وحدت مسلمین کے رہنما ناصر عباس شیرازی نے کہا استقامتِ فلسطین کانفرنس آئی ایس او کی اچھی کاوش ہے۔

فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہونا ہر مسلمان کا فرض ہے۔ عالم کفر اسرائیل کی مدد کرسکتا ہے تو ہم فلسطین کا ساتھ کیوں نہیں دے سکتے ۔

آج کی حماس 30 سال پہلے والی نہیں، حزب اللہ اس کے ساتھ ہے۔

یہ درس کربلا ہے کہ حماس جان دینے کے لئے آگے بڑھ رہی ہے، اور اسرائیلی جان بچانے کے لئے چھپ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا اسرائیل نام کا ملک تھا اور نہ رہے گا، فلسطین ملک تھا اور رہے گا،

ان شاءاللہ ہم اپنی آنکھوں سے اسرائیل کا خاتمہ دیکھیں گے اور مسجد الاقصی میں شیعہ سنی مل کر نماز ادا کریں گے۔

ہم اسرائیل کو تسلیم کرنے کی وکالت کرنے والوں کو پاکستان میں تنہا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ متنازعہ فوجداری بل کی منظوری پر شادیانے بجانے والے تکفیری ناکام ہوئے ہیں۔

امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر حسن عارف نے کہا فسلطینیوں کی مزاحمت اور استقامت رنگ لائے گی ۔

مظلوم فلسطینیوں نے غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے خلاف جہاد کا اعلان کرکے دنیا بھر کے مظلومین کے دلوں کو مسرور کیا ہے۔

اسرائیل کو تسلیم کرنیوالے عرب ممالک کو منہ کی کھاناپڑے گی، طوفان الاقصیٰ اسرائیل کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔

معروف تجزیہ نگار اوریا مقبول جان نے کہا اسلامی ممالک پر مشتمل امت کے پاس 51 لاکھ فوج ہے، ایٹمی قوت بھی ہیں، چل پڑیں تو اسرائیل تباہ ہوجائے گی۔

آئی ایس او کے مرکزی کنونشن کے آخری روزآج (بروزاتوار) مجلس سابقین منعقد ہوگی۔ مرکزی مجلس عمومی نئے مرکزی صدر کا انتخاب کرے گی۔ جبکہ حمایت فسلطین ریلی ناصر باغ سے شروع ہوکر پنجاب اسمبلی ہال پر اختتام پذیر ہوگی۔

10:24 شام مارچ 7, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top