فلسطین میں مداخلت کی صورت میں امریکی فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنائیں گے، ابوالحسین الحمداوی

شیعیت نیوز: عراق کی حزب اللہ بریگیڈ کے سیکرٹری جنرل ابوالحسین الحمداوی نے متنبہ کیا ہے کہ اگر امریکہ نے فلسطینی جنگ میں مداخلت کی تو ان کی تنظیم اپنے میزائلوں سے امریکی فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنائے گی۔
فارس نیوز کے مطابق عراق کی حزب اللہ بریگیڈ کے سیکرٹری جنرل ابوالحسین الحمداوی نے منگل کی شام اپنے ایک بیان میں فلسطینی مجاہدین کی مدد پر تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شرعی وظیفے کا تقاضا یہ ہے کہ ہم میدان میں حاضر ہوں۔
شفق نیوز نے بھی ابوالحسین الحمداوی کے بیان کو رپورٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراق کی حزب اللہ بریگیڈ کے سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ ملت اسلامیہ، غزہ کے ساکنین اور دیگر مقبوضہ علاقوں کے رہائشیوں کو دشمن کے شر سے نجات دلانے کے لئے ہمیں میدان میں حاضر ہونا ہوگا۔
انہوں نے امریکہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکہ نے اس جنگ میں مداخلت کی تو ہمارے میزائل، ڈرونز اور ہماری سپیشل فورسز پوری طرح تیار ہیں، جو خطے میں موجود امریکی ٹھکانوں اور ان کے مفادات کو خطرات سے دوچار کر دیں گی۔
عراقی حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل کا مزید کہنا تھا کہ امریکی مداخلت کی صورت میں صیہونی حکومت اور اس کے ایجنٹوں کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : حماس کی بین گورین ہوائی اڈے پر راکٹوں کی بارش، 124 صیہونی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق
قبل از ایں عراق کی اسلامی مزاحمتی تحریک النجباء کے سیکرٹری جنرل اکرم الکعبی نے بھی گذشتہ رور صیہونی حکومت سے مقابلے کے لئے فلسطین کی مجاہد ملت کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔
الکعبی نے ٹیلی گرام پر جاری اپنے پیغام میں لکھا تھا کہ میں اپنے تمام برادران و عزیزان سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ جمعے کے روز ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں عراقی اور فلسطینی پرچم اٹھا کر بھرپور شرکت کریں۔
انہوں نے تاکید کے ساتھ کہا کہ میں ایک بار پھر کہتا ہوں کی اگر صیہونی حکومت نے میدان جنگ کو پھیلانے کی کوشش کی تو مقاومت کے ڈورنز اور میزائل بھی اپنی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کریں گے۔
النجباء کے سیکرٹری جنرل نے یہ بھی انتباہ کیا کہ اگر فلسطین کے خلاف امریکہ یا کسی اور ملک نے کوئی مداخلت کی تو قطعی طور پر اسے فوجی جواب کا سامنا کرنا پڑے گا۔