مشرق وسطی

متحدہ عرب امارات کا لبنان میں سفارت خانہ کھولنے کا اعلان

شیعیت نیوز: مشرق وسطیٰ میں بدلتی صورت حال اور امن و استحکام کے لیے متحدہ عرب امارات نے لبنان میں 2021ء سے بند اپنا سفارت خانہ کھولنے کا فیصلہ کرلیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید اور لبنان کے نگراں وزیراعظم نجیب میکاتی کے درمیان ابوظہبی میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے سفارتی تعلقات کی بحالی پر اتفاق کیا۔

دونوں ممالک نے ایک مشترکہ کمیٹی قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا جو لبنانی شہریوں کے لیے اماراتی ویزے کے حصول سمیت سفارت خانہ کھولنے سے متعلق اقدامات اٹھائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : ایران دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے پوری طری تیار ہے، جنرل محمد باقری

یاد رہے کہ 10 اکتوبر 2021ء میں اُس وقت کے لبنانی وزیراطلاعات نے ٹی وی پروگرام میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے یمن جنگ میں جارحانہ کردار پر تنقید کی تھی۔

اس بیان پر سعودی عرب نے شدید احتجاج کرتے ہوئے لبنان کے ساتھ سفارتی اور تجارتی تعلقات منقطع کرلیے تھے جب کہ متحدہ عرب امارات، کویت اور بحرین نے بھی لبنان سے سفارتی اور تجارتی تعلقات منقطع کرلیے تھے۔

علاوہ ازیں رواں برس اگست میں فلسطینی پناہ گزین کیمپ میں مسلح گروہوں کے درمیان ایک ہفتے سے شدید لڑائی کے بعد متحدہ عرب امارات نے اپنے شہریوں پر لبنان کا سفر کرنے پر پابندی عائد کردی تھی۔

خانہ جنگی اور حکومتی بحران کے شکار لبنان میں اکتوبر 2022ء سے کوئی صدر نہیں اور نہ ہی کوئی حکومت ہے۔ ایسے میں متحدہ عرب امارات کے سفارتی اور تجارتی تعلقات کی بحالی کا اعلان خوش آئند ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button