ایران دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے پوری طری تیار ہے، جنرل محمد باقری

شیعیت نیوز: جمعرات کے روز شامی شہر حمص میں کیڈٹ کالح میں جاری ایک تقریب کے دوران ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی مناسبت ایرانی سربراہ مسلح افواج جنرل محمد باقری نے شامی وزیر دفاع و چیف آف آرمی اسٹاف کے نام تعزیتی پیغام ارسال کیا ہے۔
ایرانی سرکاری خبررساں ایجنسی ارنا کے مطابق جنرل باقری نے شامی وزیر دفاع و چیف آف آرمی اسٹاف کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں گذشتہ روز فوجی تقریب کے دوران ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور لکھا ہے کہ کیڈٹ کالج میں جاری فوجی تقریب کے دوران دہشت گردوں کے ڈرون حملے نے، جس ميں سینکڑوں جوان و عام شہری شہید و زخمی ہوئے ہیں، تکفیری دہشت گردوں کی انسانیت دشمن ماہیت اور ان کے حامیوں کے انتہائی گھٹیا پن کو ایک بار پھر آشکار کر کے رکھ دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : حمص کے حالیہ دہشت گردانہ حملے کے عاملین کو بھاری تاوان ادا کرنا ہوگا، جنرل حسین سلامی
ایرانی مسلح افواج کے سربراہ نے لکھا کہ اس مجرمانہ اقدام نے دنیا والوں پر ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ دہشت گرد گروہوں کو سیاسی مقاصد کے تحت ایک حربے کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے تاہم اس گھناؤنی حرکت سے دہشت گردی کے خلاف آزاد اقوام کا عزم و ارادہ کسی طور کمزور نہیں ہوگا بلکہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور اس کے حامیوں کو آخری شکست دینے کے ارادے میں اور زیادہ سختی آئے گی!
جنرل محمد باقری نے تعزیتی اپنے پیغام میں لکھا کہ ان وحشتناک جرائم پر دہشت گردوں کی حامی بیرونی حکومتوں کو جوابدہ بنانا چاہیئے۔
انہوں نے لکھا کہ ہم اس مجرمانہ اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت اور شامی قوم، حکومت و مسلح افواج کو تعزیت پیش کرتے ہیں اور شہیدوں کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی و شفائے کامل و عاجل کے لئے خداوند عالم سے دعاگو ہیں۔
اپنے پیغام کے آخر میں ایرانی مسلح افواج کے کمانڈر کا لکھنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور اسے جڑوں سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے ایران کی مسلح افواج مکمل تعاون کے لئے بالکل تیار ہیں۔