قلقیلیہ میں سنگ باری سے اسرائیلی فوجی زخمی، جنین اور نابلس میں فائرنگ

شیعیت نیوز: جمعہ کی شام قلقیلیہ کے مشرق میں کفر قدوم میں اسرائیلی فوج کے ساتھ تصادم کے دوران پتھراؤ سے ایک اسرائیلی فوجی زخمی ہوگیا جبکہ مزاحمتی کارکنوں نے جنین اور نابلس میں فائرنگ کی دو کارروائیاں کیں۔
کفر قدوم قصبے میں نوجوانوں نے اسرائیلی فوجیوں پر پتھراؤ کیا جس سے ایک اسرائیلی فوجی زخمی ہوا اور اسرائیلی فوجی پیچھے ہٹ گئے۔
کئی سالوں سے بند گاؤں کی گلی کو کھولنے کا مطالبہ کرنے والے ہفتہ وار مارچ کے بعد کفر قدوم قصبے میں اسرائیلی فورسز کے ساتھ جھڑپیں شروع ہوگئیں جس کے دوران متعدد شہری ربڑ کی گولیوں سے زخمی اور دم گھٹنے سے متاثر ہوئے۔
مزاحمت کاروں نے جنین کے مشرق میں واقع ’’میراو‘‘ بستی کو گولیوں سے نشانہ بنایا۔
نابلس میں مزاحمت کاروں نے حوارہ چوکی پر تعینات اسرائیلی فوجیوں پر فائرنگ کی۔
یہ بھی پڑھیں : انتفاضہ الاقصی کی 23 ویں سالگرہ، زمین فلسطین کی آزادی کا واحد راستہ استقامت ہے، حماس
اریحا میں اسرائیلی فوج نے احمد حسنی العیوتی (23 سال) نامی نوجوان کو گرفتار کیا جو شہر کے جنوب میں عقبہ جبر کیمپ کا رہائشی تھا، جب وہ شہر کے جنوبی دروازے پر قائم ایک فوجی چوکی سے گذر رہا تھا۔
اسرائیلی فورسز نے اس سے قبل سلفیت کے مغرب میں دراستیا کے میئر فراس ذیاب اور ان کے بھائی علی کو اس وقت گرفتار کیا تھا جب وہ ہفتہ وار مارچ میں شرکت کے لیے آ رہے تھے۔
صیہونی قابض افواج کی جانب سے آبادکاری مخالف ریلیوں کو دبانے اور مغربی کنارے میں جھڑپوں کے نتیجے میں جمعہ کو متعدد شہری زخمی اور دم گھٹنے سے بے ہوش ہوگئے۔
نابلس میں اسرائیلی قابض فوج کی جانب سے نابلس کے مشرق میں واقع گاؤں بیت دجان میں آبادکاری کے خلاف مارچ کو کچلنے کے بعد متعدد شہری، ایک غیر ملکی کارکن اور ایک صحافی زخمی ہو گئے۔
نابلس میں ہلال احمر میں ایمبولینس کے ڈائریکٹر احمد جبریل نے بتایا کہ 3 شہری براہ راست گیس بموں سے زخمی ہوئے، ایک کے چہرے اور دو سینے میں اور ان کا میدان میں علاج کیا گیا۔