پیغمبر اکرمؐ کی سیرت و تعلیمات امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہیں، علامہ ساجدعلی نقوی
شیعیت نیوز: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ منجی بشیریت، خاتم النبین، رحمت اللعالمین، ہادی برحق حضور اکرمؐ کا اسوہ رہتی دنیا تک کے انسانوں کے لئے ہدایت و رہنمائی کا سرچشمہ ہے، جشن میلاد النبیؐ 12 تا 17 ربیع الاول ہفتہ وحدت کے طور پر منایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے بیان میں کیا۔ علامہ ساجد نقوی کا مزید کہنا تھا کہ فرقہ پرستی، گروہ بندی، لاقانونیت، فرقہ واریت، بدامنی اور انتشار کا خاتمہ بھی پیغمبر اسلامؐ کی سیرت و تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر ہی ممکن ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مفتی فیض الہادی نامی شرپسند کی سرعام ریاستی اداروں اور شیعہ مکتب فکر کوسنگین دھمکیاں، عوام کو مشتعل کردیا
انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ سینکڑوں مشترکات کی روشنی میں باہمی اتحاد و یگانگت کو فروغ دیتے ہوئے جزوی نوعیت کے اختلافات کو پس پشت ڈالے، حکم قرآنی اور سیرت رسولؐ و آئمہ اطہارؑ کا تقاضا ہے کہ امت محمدیؐ کی وحدت اور اتحاد کے لئے کام کیا جائے اور رحمت اللعالمینؐ کی سیرت و کردار سے درس لیتے ہوئے باہمی اختلافات اور فروعی وجزوی مسائل کے حل کے لئے امن، محبت، رواداری، تحمل اور برداشت کا راستہ اختیار کیا جائے، ملت مسلمہ کی وحدت کا عملی مظاہرہ کرکے انسانیت دشمن عناصر پر واضح کیا جائے کہ وہ امت مسلمہ کے اتحاد و وحدت کو کسی صورت نقصان نہیں پہنچا سکتے۔







