حکومت نے خوشخبری سنا دی، ایران گیس پائپ لائن منصوبے کا آغاز
شیعت نیوز: نگران وفاقی وزیرتوانائی محمد علی نے کہا ہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر کام شروع کردیا ہے اور ایران سے سستی گیس اور پیٹرول کی پیش کش پر غور کر رہے ہیں۔
لاہور میں سوئی ناردرن گیس کمپنی کے دفتر آمد کے موقع پر محمد علی کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال پاکستان میں گیس سپلائی 20 فیصد سے کم ہوئی، سردیوں میں گیس لوڈ شیڈنگ کرنی پڑے گی اور کھانا بنانے کے اوقات میں گیس فراہم کرنے کی کوشش کریں گے، 24 گھنٹے گیس سپلائی کرنا ناممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایل این جی کے زیادہ کارگو منگوانے کی کوشش کر رہے ہیں، ایل این جی کی قیمتیں بہت زیادہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ روس سے تیل کا ایک کارگو آیا تھا، خواہش ہے اور کارگو منگوائیں، روس کا تیل بھی اب مہنگا ہوگیا ہے، روسی آئل کی امپورٹ زیادہ ہوگی، زیادہ ریفائن کیا جائے گا تو ہی فائدہ ہوگا۔
نگران وزیر توانائی کا کہنا تھاکہ ڈالر کا ریٹ زیادہ ہے اس لیے مہنگائی ہورہی ہے، ملک میں ٹیکس کلچرنہیں، اس لیے بجلی اورگیس کے بلوں میں ٹیکس لگتے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر کام شروع کردیا ہے، ایران سے سستی گیس اور پیٹرول کی پیش کش پر غور کر رہے ہیں۔







