ملت کشمیر کیلئے حضرت امام حسینؑ ایک حقیقی ہیرو اور رول ماڈل ہیں، بازل حسین نقوی

شیعیت نیوز: ریاست آزاد جموں کشمیر کے وزیر سید بازل حسین نقوی نے کہا کہ اربعین امام حسین علیہ السلام کے ایام میں ساری دنیا سے آنے والے زائرین کی ابھی تک ایک بڑی تعداد کربلا میں موجود ہے۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں زائرین کو آپس میں تبادلہ خیال کا موقع بھی ملتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ریاست آزاد جموں کشمیر کے وزیر سید بازل حسین نقوی کے ساتھ سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم کے سیکرٹری جنرل نذر حافی، حسینیہ بیت الاحزان کے مدیر مولانا سید ذہین علی نجفی اور مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے عزاداری ونگ کے صدر سید غفران علی کاظمی نے ملاقات کی، جس میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے مختلف خدشات اور امکانات زیر بحث لائے گئے۔
اس موقع پر تحریک کربلا کو دنیا کے سارے مظلوموں کیلئے بطور مکتب زیر بحث لایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : جب تک کرپٹ اشرافیہ پر ہاتھ نہیں ڈالا جائے گا حالات نہیں بدلیں گے، علامہ سید احمد اقبال
سپورٹ کشمیر میگزین ٹیم کے مطابق ریاست آزاد جموں و کشمیر کے وزیر سید بازل علی نقوی نے اپنی گفتگو میں کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام دنیا کے ہر حریت پسند کے ہیرو اور رول ماڈل ہیں اور ملت کشمیر کیلئے تحریک کربلا ایک عظیم مکتب اور مقدس درسگاہ ہے۔
یاد رہے کہ کربلا میں چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر مسلمانوں کا عظیم اجتماع اسلامی دنیا میں بیداری، بصیرت اور اجتماعی شعور اجاگر کرنے کے حوالے سے ایک منفرد اور نمایاں مقام رکھتا ہے۔