ایرانی جوہری مسئلے کے حل کی کوششیں جاری رکھیں گے، ماجد محمد الانصاری

شیعیت نیوز: قطری وزیر اعظم و وزیرخارجہ کے مشیر اور قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد محمد الانصاری نے ایران اور مغرب کے درمیان موجود ایرانی جوہری مسئلے کے حل کے لئے اپنے ملک کی کوششوں کو جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
قطری اخبار الشرق کے مطابق ماجد محمد الانصاری نے برطانوی وزیر خارجہ جیمز کلیورلی کے ساتھ قطری وزیر خارجہ محمد بن جاسم ال ثانی کی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ملاقات تمام شعبوں میں تزویراتی تعاون کی کوششوں اور قطر میں آئندہ سال ہونے والے اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے حوالے سے انجام پائی ہے اور تاکید کی کہ ایسی ملاقاتیں بین الاقوامی سطح پر مختلف شعبوں میں مثبت کردار کی ادائیگی پر مبنی قطری کوششوں کو جاری رکھنے کا موقع ہیں۔
قطری وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایرانی جوہری مذاکرات کے حوالے سے اپنے ملک کی کوششوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے جوہری مسئلے کو حل کرنے کی قطری کوششوں میں تجاویز پیش کرنا اور مغربی حکام و ایران کے درمیان دوحہ میں ہونے والی ملاقاتوں میں سہولتکاری شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مسلمانوں کو فکر حسینی اور بیداری کے پیغام گھر گھر پہنچانا ہوگا، علامہ سید حسن ظفر نقوی
قطری وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایرانی جوہری معاہدے (JCPOA) میں واپسی کے بارے بات کرنا فی الحال مشکل ہے جبکہ دوحہ، اس بڑے مسئلے کو ایسے چھوٹے چھوٹے معاملات میں تقسیم کرنے کی کوشش میں ہے کہ جن سے علیحدہ علیحدہ نمٹا اور ان کے نقاط پر توجہ مرکوز کی جا سکے تا آنکہ اس عمل سے ایسا نتیجہ حاصل ہو جائے جو موجودہ صورت حال کو فریقین کے درمیان ایک جامع معاہدے کے قریب لا سکتا ہو۔
قطری سفارت کار نے اعلان کیا کہ قطر کی کوششوں کے ساتھ ساتھ دیگر اقدامات اور دوسری کاوشیں بھی جاری ہیں جن میں سے کچھ ایک دوسرے کی تکمیل بھی کرتی ہیں جبکہ یہ سب ہی ایرانی جوہری مسئلے کے بحران کو حل کرنے میں مددگار ہیں البتہ یہ ایک ایسا پیچیدہ معاملہ اور بڑا چیلنج ہے کہ جس کا انتظام و انصرام کسی ایک ثالث کے ذریعے ممکن نہیں۔
اپنی گفتگو میں قطری وزیراعظم کے مشیر نے یہ اعلان بھی کیا کہ قطری مشیر خارجہ محمد صالح الخلیفی نے اپنے حالیہ دورہ ایران کے دوران صدر ایران کو قطر کے دورے کی دعوت دی تھی جبکہ ایرانی حکام کے ساتھ ان کی ملاقاتیں ایرانی جوہری معاہدے (JCPOA) میں واپسی کے حوالے سے انجام پانے والی دونوں ممالک کی مشترکہ ملاقاتوں کا حصہ ہیں۔
اپنی گفتگو کے آخر میں الانصاری نے تاکید کی کہ مختلف معاملات کے بارے ایران و عالمی برادری کے نقطہ ہائے نظر کو قریب لانے اور معاہدے تک پہنچنے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے حوالے سے بھی دوحہ کی کوششیں جاری ہیں