اہم ترین خبریںپاکستان

علامہ حسن ترابی پاکیزہ اہداف کے حصول کی راہ میں شہید ہوئے، علامہ ساجدعلی نقوی

برسی کے موقع پر قائد ملت جعفریہ پاکستان نے شہید علامہ حسن ترابی کے خانوادے کی دلجوئی کرتے ہوئے شہید حسن ترابی اور شہدائے ملت کے درجات کی بلندی اور وطن عزیز کے استحکام و سلامتی کی خصوصی دعا کی۔

شیعیت نیوز: شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ علامہ حسن ترابی نے متواتر اور مسلسل جدوجہد جاری رکھی اور اہداف کے حصول اور مشن کی تکمیل کی خاطر اس راہ میں درجہ شہادت پر فائز ہوگئے۔ شہید علامہ حسن ترابی کی 17ویں برسی کی مناسبت سے اپنے پیغام میں علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ قرآنی و نبویؐ تصور کے مطابق امت مسلمہ درحقیقت امت واحدہ ہے، اس تصور کو اجاگر کرتے ہوئے ہم نے امت مسلمہ کی وحدت کو ایک تنظیم اور نظم کی صورت دے کر اس ملک میں بلکہ برصغیر کی تاریخ میں منفرد اور معتبر فورمز کی تاسیس میں بنیادی کردار ادا کیا، جس کے اثرات ملک کے گلی کوچوں تک پہنچے جس کے نتیجے میں نہ صرف اسلامیان پاکستان بلکہ عالم اسلام کسی نہ کسی حوالے سے استفادہ کررہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے 9 ماہ کی تنخواہ جے ڈی سی کو عطیہ کردی

علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ ان ہی فورمز کے ذریعہ خاص طور پر صوبہ سندھ میں شہید علامہ حسن ترابی نے بے پناہ خدمات سرانجام دیں اور وحدت و اخوت کے پیغام کو پھیلانے میں شب و روز جدوجہد کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید کی ملی خدمات، ان کے مشن، ہدف اور مقصد کو آگے بڑھانے، ان کی یاد منانے اور حقیقی معنوں میں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے لازم و ناگزیر ہے کہ ان کے مثبت کردار کو مشعل راہ بنایا جائے۔ برسی کے موقع پر قائد ملت جعفریہ پاکستان نے شہید علامہ حسن ترابی کے خانوادے کی دلجوئی کرتے ہوئے شہید حسن ترابی اور شہدائے ملت کے درجات کی بلندی اور وطن عزیز کے استحکام و سلامتی کی خصوصی دعا کی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button