شیعہ جماعتوں نے پارا چنار میں دہشت گردوں کیخلاف فوری فوجی آپریشن کا مطالبہ کر دیا
مظاہرین سے خطاب میں مقررین نے واضح کیا کہ پارا چنار میں عالمی سازش کے تحت شیعہ نسل کشی جاری ہے، جس میں افغانستان کی حکومت اور مقامی دہشتگرد ملوث ہیں

شیعیت نیوز:مجلس وحدت مسلمین، شیعہ علماء کونسل اور امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن لاہور ڈویژن کے زیراہتمام پارا چنار میں دہشتگردوں کے حملے اور شہر کا محاصرے کیخلاف لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور حکومت کیخلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔ آئی ایس او کی جانب سے ڈویژنل صدر ارتضی باقر، ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے منتظر مہدی شیعہ علماء کونسل کی جانب سے توقیر حسین بابا، قاسم علی قاسمی، جعفر علی شاہ و دیگر نے قیادت کی۔ مظاہرین سے خطاب میں مقررین نے واضح کیا کہ پارا چنار میں عالمی سازش کے تحت شیعہ نسل کشی جاری ہے، جس میں افغانستان کی حکومت اور مقامی دہشتگرد ملوث ہیں۔ حکومت اور ریاستی اداروں کی مجرمانہ خاموشی سوالیہ نشان ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ فوج اپنا کردار ادا کر کے دہشت گردوں کا صفایا کرے۔
انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی جیسے ادارے اور ایجنسیاں کیا کر رہی ہیں؟ لشکر افغانستان سے بارڈر پر لگی باڑ کاٹ کر پاکستانی آبادیوں پر حملہ آور ہوئے ہیں مگر افواج پاکستان اور پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ پاکستان میں تشویش پائی جاتی ہے کہ دہشتگردوں کو نکیل نہیں ڈالی جائے۔ دہشت گردوں کی سرپرستی کون کر رہا ہے؟ شیعہ آبادی کو کیوں ٹارگٹ کیا جا رہا ہے؟ شیعہ رہنماوں نے متنبہ کیا کہ اگر ریاستی ادارے پارا چنار کو تحفظ فراہم نہیں کر سکتے تو ہم سوچنے پر مجبور ہوں گے کہ پاکستان بھر سے شیعیان حیدر کرار اپنے غیرتمند محب وطن ایمانی بھائیوں کے تحفظ کیلئے نکلیں۔ یہ اقدام ریاستی اداروں کی ناکامی کے مترادف اور باعث شرم ہوگا۔ ایسا ہوا تو ملک میں انارکی پھیلے گی۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت ہوش کے ناخن لیتے ہوئے پارا چنار کے شیعہ مسلمانوں کو تحفظ فراہم کرے اور دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے علاقے میں فوجی آپریشن کیا جائے۔