مشرق وسطی

سلامتی کونسل میں الجزائر کی غیر مستقل رکنیت کیلئے ایران کی کوششوں کو سراہتے ہیں، عطاف

شیعیت نیوز: الجزائر کے وزیر خارجہ احمد عطاف تہران پہنچے جہاں ان کا استقبال ایران کی وزارت خارجہ کے دفتر میں ایرانی فارن منسٹر حسین امیر عبداللہیان نے کیا۔

دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے باہمی ملاقات و گفتگو کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

پریس کانفرنس میں الجزائر کے وزیر خارجہ نے ایران میں اپنے اور اپنے وفد کے پُرتپاک استقبال پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس ضمن میں کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ جیسے میں اپنے ہی ملک میں ہوں۔ تہران آنے پر بہت خوشحال ہوں۔ میرا یہ دورہ الجزائر کے صدر کے حکم پر ہوا ہے۔ میرا یہ سفر الجزائر اور ایران کے صدور کے درمیان بہتر تعلقات کی بنیاد پر ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان مشاورت اور مستقل روابط موجود ہیں۔ میرا یہ سفر دونوں ممالک کے سربراہان کی دو طرفہ تعلقات میں وسعت کے عزم اور تمام شعبوں میں بلند ترین سطح پر ارتقاء کی عکاسی ہے۔

احمد عطاف نے کہا کہ میری ایران کے وزیر خارجہ سے اہم ملاقات ہوئی۔ یہ دونوں دوست و برادر ممالک کے اعلیٰ حکام کے احکامات کی روشنی میں دوطرفہ صورت حال اور مستقبل کا جائزہ لینے کا بہترین موقع تھا۔ ہم نے اس موقع سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے علاقائی و بین الاقوامی مسائل کے بارے میں مشاورت اور تعاون کے بارے میں بات کی۔

یہ بھی پڑھیں : شمالی عراق میں پانچ داعشی دہشت گرد ہلاک

الجزائر کے وزیر خارجہ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ آج کی گفتگو کے مثبت اور عملی نتائج بر آمد ہوئے۔ یہ گفتگو دوطرفہ تعلقات میں نئے روح پھونک دے گی۔ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں جو تجارت، اقتصاد اور سرمایہ گزاری سمیت دیگر شعبوں میں بڑھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے دونوں ممالک کے درمیان تیسرے مشترکہ کمیشن کے لئے ضروری بنیاد فراہم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ ہم ان شعبوں پر زیادہ توجہ دیں گے جو دو طرفہ تعلقات میں خصوصی اہمیت اور ترجیح کے حامل ہیں۔

احمد عطاف نے کہا کہ ہم نے یوکرائن جنگ سے پیدا ہونے والی عالمی صورت حال کی علاقائی و بین الاقوامی سطح پر تبدیلیوں اور فلسطین و مغربی صحرا میں استعماری ٹولے کی کارستانیوں کے بارے میں بات چیت کی، نیز یمن، سوڈان اور لیبیا میں ہمارے بھائیوں کو درپیش مسائل کا بھی جائزہ لیا۔

انہوں نے ایران-سعودی عرب معاہدے کا خیر مقدم کیا۔ الجزائر کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں پوری امید ہے کہ یہ اہم قدم علاقائی ممالک کے درمیان چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اعتماد کی فضاء پیدا کرے گا۔

احمد عطاف نے کہا کہ ہم نے بین الاقوامی اداروں، اقوام متحدہ، غیر وابستہ ممالک کی تحریک اور OIC میں ان تنظیموں کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں موثر مدد کی خاطر دو دوست و برادر ممالک کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا جس کا مقصد بقائے باہمی کو مضبوط کرتے ہوئے تشدد، عدم استحکام اور انتہاء پسندی سے بچنا ہے۔

اس کانفرنس میں ایران اور الجزائر کی بریکس میں رکنیت کا ذکر کیا گیا اور دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ کوششوں پر زور دیا گیا۔ کانفرنس کے علاوہ حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات میں سلامتی کونسل میں الجزائر کی غیر مستقل رکنیت کے حوالے سے ایران کی کوششوں کو سراہا اور اس عالمی ادارے میں الجزائر کی ترجیحات کا ذکر کیا گیا۔

اس موقع پر احمد عطاف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قومی اور بین الاقوامی مختلف شعبوں میں وسیع تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان بہترین تعلقات ہیں جو مستقبل میں مزید روشن ہوں گے۔ ہم اس کوشش میں ہیں کہ مل کر ایک ایسی اسٹریٹجی بنائیں جس سے ہمارے تعلقات مزید مستحکم ہوں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button