اہم ترین خبریںعراق

شمالی عراق میں پانچ داعشی دہشت گرد ہلاک

شیعیت نیوز: دہشت گرد گروہ داعش کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے حکومت عراق کے منصوبے کے تحت اس ملک کی انسداد دہشت گردی فورس نے ہوائی حملہ کرکے پانچ داعشی دہشت گرد عناصر کو ہلاک کردیا ہے۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراق کی انسداد دہشت گردی فورس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے اپنے ہوائی حملے میں شمالی عراق کے صوبے کرکوک میں پانچ داعشی دہشت گرد عناصر مارے گرائے ہیں۔ یہ حملہ عراق کی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف محمد شیاع السوڈانی کے حکم سے کیا گیا۔

عراقی فورسز نے مئی کے وسط میں بھی خبر دی تھی کہ انہوں نے کرکوک میں ہوائی حملہ کرکے چھ داعشیوں کو ہلاک کردیا ہے۔

باوجودیکہ عراق کی حکومت نے دسمبر دوہزار سترہ میں داعش دہشت گردوں کے قبضے سے تمام علاقوں کے آزاد ہونے کی خبر دی تھی تاہم ابھی بھی دشوار گزار علاقوں خاص طور پر دیالی ، الانبار ، صلاح الدین اور نینوی صوبوں میں داعش کے عناصر چھپے ہوئے ہیں اور گاہے بگاہے عراقی عوام اور فوج کے خلاف دہشت گردانہ کاروائیاں کرتے رہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ کے حالات، مذاکرات کی کوششیں تیز

دوسری جانب عراقی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق عراقی حکومت کے ترجمان باسم العوادی نے اعلان کیا کہ عراقی حکومت صیہونی شہری الیزابت تسورکو کے بارے میں تحقیقات کر رہی ہے۔

العوادی نے مزید کہا کہ چونکہ یہ معاملہ اس سطح پر ہے، اس لیے اس حوالے سے کوئی سرکاری بیان اس وقت تک جاری نہیں کیا جائے گا جب تک کہ عراقی حکومت اپنی سرکاری تحقیقات مکمل کرکے کسی نتیجے پر نہیں پہنچ جاتی۔

انہوں نے تاکید کی کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد عراقی حکومت باضابطہ طور پر تبصرہ کرے گی اور اس میدان میں اپنا موقف اختیار کرے گی۔

دریں اثنا، بغداد میں روسی سفارت خانے نے اعلان کیا کہ ’’ہمارے پاس الیزابت تسورکو کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں، نہ اس کی قومیت کے بارے میں اور نہ ہی اس کے بارے میں کہ عراق میں اس کے ساتھ کیا ہوا ہے۔‘‘

 

متعلقہ مضامین

Back to top button