اہم ترین خبریںپاکستان

جان دے دیں گے لیکن حقیقی آزادی اور آزاد خارجہ پالیسی کے موقف سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے،علامہ راجہ ناصر عباس

شیعیت نیوز: مجلس علماء امامیہ کے زیر اہتمام سرگودھا میں مبلغین امامیہ کا ساتواں سالانہ علاقائی اجتماع بعنوان "عظمت غدیر و عاشورا کانفرنس” کا انعقاد کیا گیا جس میں بطور خاص چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان حجت الاسلام والمسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے شرکت کی اور مختلف اضلاع سے آئے ہوئے آئمہ مساجد سے خطاب کیا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے کہا ہم پاکستان میں ظالم کے خلاف اظہار برات و مظلوم کی حمایت کے اصولی موقف پر قائم ہیں اورقائم رہیں گے۔

پاکستان کے موجودہ حالات پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ صاحب کا کہنا یہ تھا کہ ہم شیعان اہلبیت ( ع) ہمیشہ سے ظالموں کے خلاف نبرد آزما رہے ہیں اور رہیں گے۔ ہمارا موقف عدل و انصاف پر مبنی معاشرے کا قیام ہے جس میں قانون کی بالادستی ہو جس میں کسی بھی طبقے کے ساتھ ظلم و زیادتی نہ ہو۔

مجلس علماء امامیہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایم ڈبلیو ایم علامہ راجا ناصر عباس نے مزید کہا: ہم شیعیان پاکستان اپنے ہم وطن تمام مظلوم طبقات کو ساتھ ملا کر حقیقی آزادی کی تحریک کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔

خطاب کے آخر میں علامہ راجا ناصر عباس نے ادارہ الباقر کے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ مبلغین امامیہ کی فکری تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے اور مجلس علماء امامیہ اس خلا کو اچھے انداز سے پر کیے ہوئے ہے۔ علاوہ ازیں انہوں نے سربراہ ادارہ الباقر حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی اور ان کے ساتھیوں کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button