شنگھائی تعاون کونسل، پاکستان، چین، روس اور بھارت کی جانب سے ایران کی شمولیت کا خیر مقدم

شیعیت نیوز: آن لائن ہونے والے اجلاس کے دوران کونسل کے رکن ممالک کے سربراہان نے ایران کی شمولیت پر مبارک باد دیتے ہوئے باہمی تجارت کے دوران ملکی کرنسی کے استعمال پر زور دیا۔
اسپوٹنک نے خبر دی ہے کہ بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں شنگھائی تعاون کونسل کے اجلاس کی افتتاحی تقریب کے دوران وزیراعظم نریندر مودی نے ایران کی تنظیم میں شمولیت پر مبارک باد دی ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سالانہ سربراہی ورچوئل اجلاس سے ویڈیو لنک خطاب میں ایس سی او کے نئے رکن کے طور پر ایران کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کے تحت خصوصی تجارتی زونز قائم کئے جا رہے ہیں، دنیا کو معاشی اور سلامتی کے چیلنجز کا سامنا ہے، رابطوں کے فروغ کے ذریعے معاشی استحکام حاصل کیا جا سکتا ہے، سی پیک معاشی خوشحالی، امن اور استحکام میں گیم چینجر ثابت ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : جنین پر صیہونی جارحیت، مصر نے ثالثی کا کردار ترک کرنے کی دھمکی دے دی
آن لائن ہونے والے اجلاس میں چین کے صدر شی جن پنگ نے بھی ایران کو کونسل میں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون کونسل کے اراکین کو خطے میں جاری نئی سرد جنگ سے مل کر مقابلہ کرنا چاہئے۔ چین ملکی امور میں دوسروں کی مداخلت کی ہمیشہ مخالفت کرتا ہے۔
چینی صدر نے کونسل کے اراکین کے درمیان باہمی تجارت میں ملکی کرنسی کے استعمال کی ضرورت پر زور دیا۔
روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے شنگھائی تعاون تنظیم کے آن لائن اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کی اس تنظیم میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم اقوام متحدہ کے مرکزی کردار سے عالمی سطح پر عادلانہ نظم برقرار کرنے کی پابند ہے۔
اجلاس کے دوران روس کے صدر پوٹن نے کہا کہ شنگھائی تعاون کونسل دنیا میں عادلانہ نظام کی تشکیل میں اقوام متحدہ کے ساتھ متحد ہے۔