بلوچستان کی صوبائی حکومت اساتذہ کے جائز مطالبات تسلیم کرے، علامہ مقصود ڈومکی
شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے بلوچستان اسمبلی کوئٹہ کے سامنے گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان کی تا دم مرگ بھوک ہڑتالی کیمپ پہنچ کر اساتذہ کرام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ استاد معاشرے کا معزز طبقہ ہے ان کا احترام سب پر فرض ہے۔ آج جمہوری دور میں عوام کی منتخب اسمبلی کے سامنے بلوچستان بھر کے سینکڑوں اساتذہ کا سڑکوں پر بیٹھنا حکومت کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ آج اگر وزیراعلیٰ، وزیر تعلیم اور وزیر خزانہ کسی منصب پر فائز ہیں تو یہ عہدے استاد کی بدولت ہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ اساتذہ کرام کے تمام جائز مطالبات پورے کرے۔
یہ بھی پڑھیں: کالعدم سپاہ صحابہ کے ہاتھوں مسیحائے انسانیت معروف شیعہ لیڈی ڈاکٹرشہیدہ ثریا نثارکھوسہ کو پچھڑے 19برس بیت گئے
انہوں نے کہا کہ معلمی انبیاء کرام علیہم السلام کا پیشہ ہے اور اساتذہ کرام کے اوپر نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت کی سنگین ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سن کوٹہ اور مہنگائی کے تناسب سے تنخواہ میں اضافہ جیسے جائز مطالبات پورے کرکے اساتذہ کی مشکلات حل کی جائیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے مرکزی آرگنائزر محمد یونس کاکڑ نے یکجہتی کا اظہار کرنے پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ لسبیلہ سے ژوب تک کے ہزاروں ٹیچرز اپنے مطالبات کے حق میں کئی روز سے سراپا احتجاج ہیں اور آج سے بھوک ہڑتال شروع کی گئی ہے۔







