ایران

افغانستان کے سرحد پر فوج کا مکمل کنٹرول ہے، بریگیڈئیر حیدری

شیعیت نیوز: ایران کی بری افواج کے کمانڈر بریگیڈئیر حیدری نے مشرقی سرحدوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے سرحد پر فوج کا مکمل کنٹرول ہے جس کی وجہ سے امن و امان کی صورت حال قابو میں ہے۔

جنرل کیومرث حیدری نے کہا کہ سرحدوں پر ہماری موجودگی کی وجہ ہمارے لئے خطرات ہونا نہیں ہے بلکہ ہم سیکورٹی کے حوالے سے مطمئن ہونے کے لئے سرحدوں پر موجود ہیں۔ سرحد پر دونوں ممالک کے دو سپاہیوں کے درمیان معمولی تکرار کسی تشویش کی بات نہیں ہے۔ صورت حال مکمل کنٹرول میں ہے۔

بریگیڈئیر حیدری نے کہا کہ ہم سرحدی علاقوں کی مکمل نگرانی کررہے ہیں۔ جب تک ہمسایہ ممالک مشترکہ سرحد پر بین الاقوامی قوانین کی رعایت کریں ہم بھی ہمسائیگی کا حق ادا کریں گے لیکن اگر کسی موقع پر احساس ہوجائے کہ دوسری طرف سے قوانین کی خلاف ورزی کی جارہی ہے تو ہمارا رویہ سخت اور تند ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : نیتن یاہو کے بیانات مضحکہ خیز ہیں، کسی بھی غلطی کا دندان شکن جواب دیا جائے گا، وحیدی

دوسری جانب ایرانی فورسز کے ڈپٹی کمانڈر نے سیستان اور بلوچستان میں مشرقی سرحد کے دورے کے دوران کہا کہ ایران اور افغانستان کی مشترکہ سرحد پر طالبان نے کئی مرتبہ غلطی کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق سردار قاسم رضائی نے صوبۂ سیستان و بلوچستان کا ایرانی زمینی فوج کے کمانڈر کے ہمراہ دورہ کیا اور اس دوران گزشتہ روز کے تنازعات کا قریب سے جائزہ لیا۔

انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور افغانستان کی مشترکہ سرحد پر افغان حکمران نے کئی مرتبہ غلطیاں کی ہیں اور گزشتہ روز بھی ان کی طرف سے غیر ضروری فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں جھڑپیں ہوئیں۔

یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ روز ایران افغانستان مشترکہ بارڈر پر فائرنگ کے تبادلے سے ایرانی سیکورٹی فورسز کے ایک جوان شہید جبکہ دو زخمی ہو گئے تھے۔

انہوں نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ ایرانی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جوابی کارروائی کی گئی ہے، کہا کہ سرحدی محافظوں نے گزشتہ روز افغانستان کی طرف سے فائرنگ کے معاملے کو بہتر انداز سے سنبھالا، لیکن بدقسمتی سے ایک جوان شہید جبکہ دو زخمی ہوئے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہم ہمسایہ ممالک کو خبردار کرتے ہیں کہ ہماری سرحدیں دوستی کی سرحدیں ہیں، لہٰذا ہمیں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے پہلے ضروری اقدامات کرنے چاہئیں۔

سردار قاسم رضائی نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ اب حالات کنٹرول میں ہیں، کہا کہ کل رات کوئی حملہ نہیں ہوا اور کل شام کی جھڑپیں ختم ہو گئی ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button