دنیا

رجب طیب اردوان ایک بار پھر ترکی کے صدر منتخب

شیعیت نیوز: ترک صدر رجب طیب اردوان صدارتی انتخابات میں 54.47 فیصد ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوچکے ہیں۔

ترک سرکاری میڈیا نے ترکی کی سپریم الیکشن کونسل کے حوالے سے بتایا کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان صدارتی الیکشن میں 54.47 فیصد ووٹ لے کر سب سے آگے ہیں جبکہ اپوزیشن کے امیدوار کمال کلیک دار اوغلو کو 45.53 فیصد ووٹ ملے ہیں۔

سپریم الیکشن کونسل (YSK) کے چیئرمین احمت ینیر نے دارالحکومت انقرہ میں صحافیوں کو ووٹوں کی گنتی کے سرکاری نتائج سے آگاہ کیا۔ 64.1 ملین سے زیادہ ترک شہریوں نے ووٹ ڈالنے کے لیے اندراج کیا تھا۔

جن میں 1.92 ملین سے زائد ایسے شہری ہیں جنہوں نے بیرون ملک پولنگ اسٹیشنوں سے حق رائے دہی استعمال کیا۔ملک بھر میں ووٹروں کے لیے تقریباً 192,000 بیلٹ بکس کا انتظام کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ 14 مئی کو ووٹنگ کے پہلے راؤنڈ میں کسی بھی امیدوار نے مطلوبہ 50 فیصد ووٹ حاصل نہیں کیے تھے جس پر آج ووٹنگ کا عمل دوبارہ شروع کیا گیا تاہم 14 مئی کی ووٹنگ میں صدر اردوان نے 49.52 فیصد کے ساتھ برتری حاصل کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : یورپ میں فلسطین کانفرنس میں پی ایل او کی تنظیم میں اصلاحات کا مطالبہ

دوسری جانب وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے طیب اردوان کو ترکی کے صدارتی انتخابات میں دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کر دی۔

وزیر اعظم نے اپنی ٹوئٹ میں صدر اردوان کو مینشن کرتے ہوئے لکھا کہ پیارے بھائی رجب طیب اردوان کو ایک بار پھر جمہوریہ ترکی کے صدر کا تاریخی انتخاب جیتنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے لکھا کہ ان کا شمار چند ایسے عالمی رہنماؤں میں ہوتا ہے جن کی سیاست کی بنیاد عوام کی خدمت ہے۔ رجب طیب اردوان مظلوم مسلمانوں کی طاقت اور ان کے حقوق کی ایک مضبوط آواز ہیں۔

وزیر اعظم نے لکھا کہ صدارتی انتخاب میں ان کی فتح اور پارلیمانی انتخابات میں ان کی پارٹی کی کامیابی کئی طرح سے اہمیت کی حامل ہیں اور ان کی لیڈرشپ پر ترک عوام کے اعتماد اور یقین کو ظاہر کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے باہمی تعلقات مزید آگے بڑھیں گے۔ میں ان کے ساتھ اپنی اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مزید گہرا اور دونوں اقوام کے بھائی چارے کو مزید تقویت دینے کا منتظر ہوں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button