متحدہ عرب امارات کی جانب سے بشار الاسد کو موسمیاتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت

شیعیت نیوز: عرب میڈیا نے گزشتہ شب اپنی رپورٹس میں اعلان کیا کہ شام کے صدر بشار الاسد کو اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس میں شرکت کے لئے متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید کی جانب سے دعوت نامہ موصول ہوا۔ یہ کانفرنس دبئی کی میزبانی میں منعقد ہو رہی ہے۔
اس حوالے سے شام کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے بتایا کہ بشار الاسد نے دمشق میں متحدہ عرب امارات کے ناظم الامور عبدالحکیم النعیمی سے ملاقات کی۔
جہاں عبدالحکیم النعیمی نے شام کے صدر کو اس موسمیاتی کانفرنس میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی۔ یہ کانفرنس دبئی میں 30 نومبر سے 12 دسمبر تک جاری رہے گی۔
قابل غور بات یہ ہے کہ بشار الاسد کو دعوت دینے سے پہلے اماراتی حکام نے صیہونی حکومت کے سربراہان کو بھی اس کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : شام میں امریکی قبضے کی موجودگی بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے، پیٹر ڈرولک
اس سلسلے میں گزشتہ شب مقبوضہ فلسطین میں متحدہ عرب امارات کے سفیر محمد آل خواجه نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نتین یاہو و صدر اسحاق ہرتزوگ سے الگ الگ ملاقات کی اور انہیں اس ماحولیاتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔
اس تازہ ترین صورت حال پر اسرائیل ٹائمز نے لکھا کہ نتین یاہو کو کئی مہینوں کی تاخیر کے بعد متحدہ عرب امارات کے پہلے سرکاری دورے کی دعوت دی گئی ہے۔ نتین یاہو اپنے اس سفر کے دوران مختلف سربراہان مملکت سے ملاقات کریں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ 2020ء میں مراکش، بحرین اور یو اے ای کے ساتھ اسرائیل کے تعلقات بحالی کے معاہدے کے بعد، نتین یاہو نے کئی مرتبہ مخفی طور پر متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا۔ لیکن عوامی طور پر ان دوروں کی ابھی تک کسی بھی ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
واضح رہے کہ 2022ء میں اسرائیل کے صدر اسحاق ہرتزوگ یو اے ای کا دورہ کر چکے ہیں جہاں ان کی ملاقات متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زائد سے ہوئی تھی۔
اس وقت بھی نتین یاہو کا دورہ ابو ظبی مختلف مسائل کی وجہ سے تعطل کا شکار ہے۔ اسی حوالے سے صیہونی وزیراعظم کے دفتر نے حال ہی میں اعلان کیا کہ یو اے ای نے مسجد اقصیٰ میں صیہونی وزیر داخلہ ایتمار بن گویر کے غیر قانونی داخلے پر ابوظبی کے غصے کی وجہ سے ان کا دورہ امارات منسوخ کیا گیا۔