اسرائیلی فوج جارحیت جاری، بلاطہ کیمپ میں تین فلسطینی جوان شہید

شیعیت نیوز: اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں نابلس کے مشرق میں واقع بلاطہ کیمپ پر دھاوا بولا اور وہاں موجود شہریوں پر براہ راست گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں کم سے کم تین فلسطینی نوجوان شہید اور چھ زخمی ہوگئے۔
فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا کہ اسرائیلی فوج کی تازہ ریاستی دہشت گردی میں تین فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔ شہداء میں 30 سالہ فتحی جہاد عبدالسلام رزق ،24 سالہ عبداللہ یوسف محمد ابو حمدان اور32 سالہ محمد بلال محمد زیتون شامل ہیں۔
بلاطہ کیمپ پر قابض اسرائیلی فوج کی جارحیت کے نتیجے میں 6 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، زخمیوں میں سے ایک شہری کی حالت تشویشناک ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بےگناہ شیعہ نوجوانوں کے خلاف چھاپوں اور گرفتاریوں کا سلسلہ نا رکا تو ملک گیر احتجاج ہوگا، علامہ ڈاکٹر نسیم حیدر زیدی
عینی شاہدین کے مطابق قابض اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے آج سوموار کوعلی الصبح بلاطہ کیمپ پر دھاوا بول دیا، شدید گولہ باری اور تصادم اور جھڑپوں کے نتیجے میں کم از کم تین شہری شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ قابض اسرائیلی فوج نے اپنے اسنائپرز کو کچھ گھروں پر تعینات کیا اور ایمبولینسوں کو کیمپ میں داخل ہونے اور زخمیوں کو نکالنے سے روک دیا۔
علاوہ براین کم از کم چھے افراد ان حملوں میں زخمی ہوگئے ہیں۔ صہیونی فورسز نے زخمیوں کو طبی امداد کے لئے لے جانے والی گاڑیوں پر بھی فائرنگ کردی۔
دوسری طرف مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی علاقے نابلس میں بلاطہ پناہ گزین کیمپ میں مزاحمت کاروں کےساتھ جھڑپ میں سوموار کی صبح ایک اسرائیلی آپریشن افسر زخمی ہوگیا۔
صفا ایجنسی کے مطابق قابض فوج کے ریڈیو نے اطلاع دی ہے کہ ایک فوجی افسر فلسطینی مزاحمت کاروں کی گولی لگنے سےشدید زخمی ہوا۔
خبر رساں ایجنسی کے نے وضاحت کی کہ افسر کو علاج کے لیے ہسپتال لے جایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے بھی صہیونی افواج نے نابلس میں واقع کیمپ عسکر پر حملہ کرکے ایک فلسطینی کو شہید اور کئی دیگر کو زخمی کردیا تھا۔