مشرق وسطی

شام کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کیلئے جلد ہی کمیٹی تشکیل دیں گے، مولود چاووش اوغلو

شیعیت نیوز: ترکی کے وزیر خارجہ مولود چاووش اوغلو نے کہا ہے کہ ہم بہت جلد شام کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دیں گے۔

مولود چاووش اوغلو نے آج اپنے ایک بیان میں کہا کہ انقرہ جلد ہی دمشق کے ساتھ روابط معمول پر لانے کے لئے اقدامات کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس امر کے لئے ایک کمیٹی کے قیام پر اتفاق ہو چکا ہے۔ یہ بیانات گزشتہ ہفتے ماسکو میں ہونے والے چار فریقی خارجہ اجلاس کے بعد جاری ہو رہے ہیں۔

اس چار فریقی خارجہ اجلاس میں ترکی، ایران، شام اور روس کے وزرائے خارجہ شریک تھے، جنہوں نے انقرہ اور دمشق کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لئے میکانزم بنانے کا جائزہ لیا۔

یہ بھی پڑھیں : یوکرین کے فوجی امداد کے بجٹ میں اضافے کے لیے جوزف بورل کی درخواست

مولود چاووش اوغلو نے ماسکو میں ہونے والے اس اجلاس کو تعمیری قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں شریک چاروں ممالک کے نمائندوں نے ترکی اور شام کے درمیان تعلقات کی از سر نو بحالی کا جائزہ لیا۔

اسی حوالے سے ترکی کے وزیر خارجہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ایک روڈ میپ تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مستقبل قریب میں ڈپٹی فارن منسٹر اور وزارت خارجہ کے ذیلی شعبوں میں کی مدد سے اس روڈ میپ پر کام شروع کر دیا جائے گا۔

انہوں نے انقرہ-دمشق روابط کی بحالی کے لئے روڈ میپ کی تیاری کے حوالے سے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ اس اقدام کے آغاز سے شام کے صدر بشار الاسد، ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی، ترکی کے صدر رجب طیب اردگان اور روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ملاقات کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ 10 مئی کو ماسکو میں روس اور ایران کی سہولت کاری سے ترکی اور شام کے درمیان تعلقات کی از سر نو بحالی کے لئے ایک اجلاس ہوا۔

یہ بھی یاد رہے کہ انقرہ اور دمشق کے درمیان 2011ء سے شام کے بحران کے آغاز سے تعلقات منقطع ہو گئے تھے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button