مشرق وسطی

روس و چین کے ساتھ انٹیلی جنس روابط بڑھانے پر امریکہ کا متحدہ عرب امارات کو انتباہ

شیعیت نیوز: امریکی حکام نے متحدہ عرب امارات کے حاکم محمد بن زین آل نہیان کو انتباہ دیا ہے کہ روس اور چین کے ساتھ ان کے قریبی فوجی اور انٹیلی جنس روابط سے امریکہ کے ساتھ ان کے تعلقات خطرے میں پڑ سکتےہیں۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی حکومت کے اعلیٰ اہلکار نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے ماسکو اور بیجنگ کے ساتھ روابط بڑھائے ہیں جس سے اس کے امریکہ کے ساتھ تعلقات پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی حکام نے محمد بن زید آل نہیان کو خبردار کیا ہے کہ ان کے روس اور چین کے ساتھ قریبی فوجی اور انٹیلی جنس روابط سے امریکہ کے ساتھ ان کے تعلقات خطرے میں پڑ سکتے ہیں۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب متحدہ عرب امارات کے حاکم امریکہ کے دورے پر جا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ امریکہ اورمتحدہ عرب امارات آنے والے دنوں میں دفاع کے علاوہ کلین انرجی کے میدان میں ایک سو بلین ڈالر کے منصوبوں پر دستخط کرنے والے ہیں۔

مڈل ایسٹ نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے حکام کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے امریکہ کے ساتھ روابط ماسکو اور چین کے ساتھ روابط کی راہ میں رکاوٹ نہیں ہیں بلکہ یہ روابط امریکی کے لئے مددگار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : جو غلطی تم نے غزہ کے بارے میں کی وہ لبنان کے بارے میں مت دھرانا، علی دعموش کا انتباہ

دوسری جانب متحدہ عرب امارات شمال جنوب ٹرانزٹ کوریڈور اور مشترکہ تجارت کے سلسلے میں ایران کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لئے تیار ہے۔

متحدہ عرب امارات کے وزیر توانائی اور بنیادی تنصیبات سہیل المزروعی نے ایران کے روڈ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ کے وزیر مہرداد بذرپاش سے ملاقات کے دوران کہا کہ امارات ، ایران سے جانے والے شمال جنوب ٹرانزٹ کوریڈور سے بھرپور استفادہ کر سکتا ہے۔

اس ملاقات کے موقع پر مہرداد بذرپاش نے بھی اعلان کیا کہ آئندہ دو سال میں ایران کے جنوبی ساحلوں کے کوریڈور کا کام مکمل ہوجائے گا۔

مغربی ایشیا کی بین الاقوامی ریلوے کانفرنس کے موقع پر ایران کے وزیر نقل و حمل اور شہری آباد کاری نے یہ بھی اعلان کیا کہ ایران میں غیرملکی سرمایہ کاری کا راستہ ہموار کردیا گیا ہے ۔

انہوں نے خلیج فارس تعاون کونسل کے کوآرڈینیشن کمیٹی کے سیکریٹری جاسم محمد البدیوی سے خصوصی ملاقات کے دوران کہا کہ ایران میں سرمایہ کاری کے متنوع اور مناسب مواقع موجود ہیں جس کا خلیج فارس کے اطراف کے ممالک بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔

جاسم محمد البدیوی نے کہا کہ بہت جلد ایران کے ساتھ تعاون میں اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے اس موقع پر تہران کے دورے پر مبنی اپنی خواہش ظاہر کی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button