وزیراعلیٰ خالد خورشید کی قیادت میں گلگت بلتستان کابینہ و اسمبلی اراکین و اتحادی جماعتوں ایم بلیو ایم اور اسلامی تحریک کے نمائندوں کی عمران خان سے ملاقات
ملاقات میں وزیر اعلیٰ کی زیر قیادت صوبائی کابینہ، ممبران اسمبلی اور اتحادی جماعتوں کے نمائندوں پر مشتمل وفد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حقیقی آزادی کی تحریک میں جی بی کی صوبائی کابینہ، پی ٹی آئی و اتحادی اراکین اسمبلی اور عوام سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں

شیعیت نیوز: وزیراعلیٰ خالد خورشید کی قیادت میں گلگت بلتستان کابینہ و اسمبلی اراکین و اتحادی جماعتوں ایم ڈبلیوایم اور اسلامی تحریک کے نمائندوں نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے لاہور میں خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات میں گلگت بلتستان میں تحریک انصاف کی حکومت کے فلاحی اقدامات، تنظیمی معاملات اور ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ عمران خان نے اس موقع پر ملک میں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور حقیقی آزادی کی تحریک میں گلگت بلتستان کے عوام کے کردار کو لائق تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے حقیقی آزادی کی تحریک میں بھرپور ساتھ دیا۔ جی بی کی تعمیر و ترقی اور دیرینہ مسائل کا حل ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ گلگت بلتستان سیاحت کا عالمی مرکز بن سکتا ہے جس کیلئے اپنی وفاقی حکومت کے دور میں اہم اقدامات اٹھائے۔ انشاء اللہ پی ٹی آئی کی وفاق میں حکومت قائم ہوئی تو نئے گلگت بلتستان کی تعمیر کا سفر دوبارہ شروع کرینگے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک دشمن کالعدم تنظیموں کے 11تکفیری وہابی دہشت گردگرفتار
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی خالد خورشید نے کہا کہ ملک بھر کیطرح گلگت بلتستان کے عوام چیئرمین عمران خان کی قیادت میں قانون کی حکمرانی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ جی بی کی حکومت، منتخب نمائندے، نچلی ترین سطح تک عوام پوری یکسوئی سے عمران خان کے حقیقی آزادی کے ویژن کی تائید کرتے ہیں۔ ملاقات میں وزیر اعلیٰ کی زیر قیادت صوبائی کابینہ، ممبران اسمبلی اور اتحادی جماعتوں کے نمائندوں پر مشتمل وفد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حقیقی آزادی کی تحریک میں جی بی کی صوبائی کابینہ، پی ٹی آئی و اتحادی اراکین اسمبلی اور عوام سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔