مشرق وسطی

متحدہ عرب امارات میں پہلی مرتبہ صیہونی ریاست کے قیام کی سالگرہ کا جشن

شیعیت نیوز: متحدہ عرب امارات میں تل ابیب کے سفارت خانے نے پہلی مرتبہ قابض صیہونی ریاست کے قیام کی سالگرہ پر ابو ظبی میں ایک تقریب کا انعقاد کیا۔

گزشتہ شب منعقد ہونے والی اس تقریب میں ابو ظبی و تل ابیب کے بعض حکام نے شرکت کی۔ یہ تقریب اسرائیل کے جشن استقلال کے نام سے منعقد ہوئی۔

اسرائیل کے قیام کی سالگرہ کی اس تقریب کی ویڈیو اور تصاویر ابو ظبی میں اسرائیل کے سفیر ’’امیر ھائیک‘‘ نے اپنے سوشل میڈیا پیج سے جاری کیں۔

ان ویڈیوز میں اماراتی گلوکار ’’احمد الحوسنی‘‘ کو اسرائیل کا ترانہ گاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ سوشل میڈیا پر عرب صارفین کی شدید مخالفت کے باوجود صیہونیوں نے اس محفل کی ویڈیوز اور تصاویر کو شئیر کیا۔

اس حوالے سے صیہونی تجزیہ کار ’’شمعون آران‘‘ نے اس پروگرام کی تصاویر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ تقریب پہلی مرتبہ منعقد ہوئی، جس میں 600 کے قریب غیر ملکی سفیروں اور حکام نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ 2020ء میں چار عرب ممالک متحدہ عرب امارات، بحرین، سوڈان اور مراکش نے ڈونلڈ ٹرمپ کی مدت صدارت میں امریکہ کی ثالثی سے اسرائیل سے سفارتی تعلقات کی بحالی کا معاہدہ کیا۔ جسے معاہدہ ابراہیم کے نام سے جانا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عرب لیگ میں واپسی کیلئے شام کے پاس مناسب حمایت موجود ہے، ایمن الصفدی

دوسری جانب جمہوریہ الجزائر کے صدر نے کہا ہے کہ شام کی عرب لیگ میں بانی رکن کی حیثیت سے واپسی اس کا حق ہے۔

الجزائر کے صدر عبدالمجید تبون نے اس بات پر زور دیا کہ شام عرب لیگ کا بانی رکن ہے اور کوئی دمشق کو اس کے حق سے محروم نہیں کر سکتا۔

قبل ازیں عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیظ نے کہا کہ آئندہ ریاض میں ہونے والے اجلاس کے بعد شام کی اس یونین میں واپسی کے امکان بڑھ گئے ہیں۔ البتہ یہ امر چند مرحلوں کے بعد وقوع پذیر ہو گا۔

قومی پریس کے نمائندوں سے ملاقات میں عبدالمجید تبون نے کہا کہ شام کی حالیہ زلزلے میں کی گئی امداد صادقانہ تھی اور اس کا سیاسی پوائنٹ اسکورنگ سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ عالمی نظام میں طاقتور کمزوروں پر مسلط ہیں۔ مجھے امید ہے کہ یہ صورت حال جلد ہی تبدیل ہو جائے گی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button