شام اور ایران کا اتحاد مزید بلندیوں تک جائے گا، شامی صدر بشار اسد
شیعیت نیوز: دمشق میں شام اور ایران کے صدور نے اپنی ملاقات کے بعد متعدد سمجھوتوں اور معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی اس موقع پر صدر بشار اسد نے ایران کو مشکل دور کا دوست قرار دیتے ہوئے تہران کے ساتھ تعلقات کو مزید بلندیوں تک لے جانے پر زور دیا۔
ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی اور شام کے صدر بشار الاسد کی موجودگی میں متعدد سمجھوتوں اور معاہدوں پر دستخط کئے گئے جس کے بعد دونوں صدور نے مشترکہ پریس کانفرنس میں شرکت کی۔
شام کے صدر بشار اسد انے اس موقع پر کہا کہ گذشتہ ایام میں پیش آنے والے واقعات، شام اور ایران کی حکمت عملی کے درست ہونے کی عکاسی کرتے ہیں اور ان اصولوں پر ثابت قدم رہنا، باعث بنے گا کہ مختلف واقعات اور اس کے نتائج سے اپنے ممالک اور قوموں کے حق میں استفادہ کرسکیں۔
شام کے صدر بشار اسد نے اس موقع پر کہا کہ موجودہ مثبت واقعات سے بھرپور استفادہ کرکے اور علاقے کے ممالک کے مابین تعلق میں بہتری لاکر، سامراجی اور استعماری طاقتوں کا بہترین انداز میں مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : نابلس کے قصبے حوارہ میں اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں 33 فلسطینی زخمی
انہوں نے کہا کہ اسی بنا پر ہم ایران اور سعودی عرب کے مابین تعلقات کی بحالی کا خیرمقدم کرتے ہیں کیونکہ مغربی ایشیا جیسے اہم علاقے اور یہاں پر واقع ممالک پر اس تبدیلی کے بہت ہی اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔
شام کے صدر نے ایران کے ساتھ معاشی اور اقتصادی تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صدر رئیسی کے ساتھ جن معاہدوں اور سمجھوتوں پر دستخط کیا گیا اور جن منصوبوں کے بارے میں گفتگو ہوئی، ان سے تجارتی تعلقات اور سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے اس موقع پر پرامن ایٹمی توانائی کے ایران کے حق پر زور دیتے ہوئے اسے ایران کے لئے توانائی کے ایک اہم ذخیرے، سائنسی ترقی کا بہترین طریقہ کار اور قومی خوشحالی و پیشرفت کی ایک اہم بنیاد قرار دیا۔
شام کے صدر نے زور دیکر کہا کہ مغربی دنیا آج بھی ایران کو ایٹمی سائنس سمیت ہر طرح کے علم سے محروم رکھنا چاہتی ہے جو کہ دنیا کو جاہل، پسماندہ اور غریب رکھنے کی سامراجی طاقتوں کی پرانی پالیسی رہی ہے۔
انہوں نے اس موقع پر ایٹمی توانائی کے حصول کے لئے ایران کی جد و جہد اور ایثار کے جذبے کو قابل قدر قرار دیا۔