دنیا

چین کے نئے وزیر خارجہ چن گانگ 5 مئی کو پاکستان کا دورہ کریں گے

شیعیت نیوز: چینی وزیر خارجہ چن گانگ عہدہ سنبھالنے کے بعد 5 مئی کو پاکستان کا پہلا دورہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق چینی وزیر خارجہ چن گانگ بھارتی شہر گوا میں ایس سی او کانفرنس کے فوراً بعد اسلام آباد پہنچیں گے، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے چینی وزیر خارجہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے۔

پاکستان اور چین کے درمیان 6 مئی کو اسٹریٹجک مذاکرات ہوں گے، ذرائع کے مطابق پاکستان اورچین کا 6 تاریخ کو اسلام آباد میں اٖفغانستان کے ساتھ سہ فریقی مذاکرات کا بھی امکان ہے۔

افغان عبوری وزیر خارجہ کی 6 مئی کو اسلام آباد آمد کا امکان ہے. پاکستان، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کے موجودہ میکنزم کا سہ فریقی اجلاس اسلام آباد میں ہوگا۔

وزرائے خارجہ میکنزم کا آخری اجلاس ستمبر 2019 میں اسلام آباد میں ہوا تھا، ذرائع کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ نے افغان وفد کو اسلام آباد جانے کی اجازت دے دی ہے۔

واضح رہے کہ افغان عبوری وزیر خارجہ اقوام متحدہ کی سفری پابندی کے تحت ہیں اور انہیں کسی بھی ملک کے سفر کیلئے استثنیٰ کے تحت اقوام متحدہ سے اجازت درکار ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : وائٹ ہاؤس کی عید ملن پارٹی میں مسلم میئر کو شرکت سے روک دیا گیا

دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا ہے کہ پاکستان میں کسی بھی ایسی حکومت کی حمایت کریں گے جو پاکستانی عوام کی مرضی کی عکاس ہو۔

واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم یقینی طور پر پاکستان کی داخلی یا ملکی سیاست پر کچھ نہیں کہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی مذہبی آزادی پر کمیشن ایک آزاد امریکی کمیشن ہے، جو کہ صدر، سیکرٹری خارجہ اور کانگریس کو پالیسی سفارشات فراہم کرتا ہے۔

ویدانت پٹیل کا کہنا تھا کہ حکومتیں یا دیگر ادارے جن کے پاس اس رپورٹ کے بارے میں سوالات یا تبصرے ہیں انہیں براہ راست کمیشن سے رابطہ کرنا چاہیے۔

واضح رہے کہ امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی نے اپنی سالانہ رپورٹ میں بھارت میں مسلمانوں اور عیسائیوں سے ناروا سلوک کی نشاندہی کی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button