دنیا

انتونیو گوتریس کا سوڈان میں عید الفطر کے موقع پر جنگ بندی کی اپیل

شیعیت نیوز: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سوڈان میں عید الفطر کے موقع پر کم از کم تین دن کی جنگ بندی پر زور دیا ہے۔

انتونیو گوتریس نے جمعرات کو بعض عرب ممالک میں عید الفطر کا چاند نظر آنے کے بعد کہا کہ ہم مسلم کیلنڈر میں ایک بہت اہم لمحہ گزار رہے ہیں۔ میرے خیال میں جنگ بندی کے لیے یہ درست وقت ہے۔ ہم فریقین کے ساتھ رابطے میں ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ یہ (جنگ بندی) ممکن ہے۔

عالمی ادارے کے سربراہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس تعطل سے جنگ زدہ علاقوں میں پھنسے شہری محفوظ مقامات کی طرف جا سکیں گے اور انہیں طبی علاج، خوراک اور دیگر ضروری سامان کی تلاش کا موقع ملے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عید کے موقع پر جنگ بندی لڑائی سے راحت فراہم کرنے اور مستقل جنگ بندی کی راہ ہموار کرنے کی جانب پہلا قدم ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ سوڈان میں دو جنرلوں کے مابین اقتدار کی لڑائی میں اب تک 300 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ بدھ کے روز عارضی جنگ بندی کے باوجود متحارب فورسز میں جھڑپیں جاری رہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ایتھوپیا کی جنگ، یوکرائن سے بھی زیادہ جانی نقصانات ہوئے، دی اکانومسٹ

دوسری جانب تازہ ترین خبروں کے مطابق جنرل عبدالفتاح البرہان کی قیادت میں سوڈان کی فوج اور سریع الحرکت فورس کے کمانڈر حمدتی کے فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپیں ایک بار پھر شروع ہوگئی ہیں۔

بین الاقوامی ثالثی کی تمام کوششوں کے باوجود، سوڈان میں شروع ہونے والی جھڑپیں جو بظاہر تھم گئی تھیں آج صبح پھر سے شروع ہوگئیں۔ عبدالفتاح البرہان اور محمد حمدان دغلو المشہور حمدتی کو ایک میز پر بٹھانے کی کوششیں بھی اب تک ناکام رہی ہیں ۔

سوڈان کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب والکر پریٹس نے  رپورٹ دی تھی کہ سوڈان کی فوج اور اسپیشل فورس کے درمیان جھڑپوں میں کم سے کم ایک سو اسّی سے زائد لوگ ہلاک اور اٹھارہ سو سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں ۔

دریں اثنا، سوڈان کی فوج کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ جنرل عبدالفتاح البرہان کی جانب سے ان سریع الحرکت ڈیویژن سے وابستہ فوجیوں کو معاف کردیا جائے گا جو ہتھیار ڈال کر خود کو فوج کے حوالے کردیں ۔

متعلقہ مضامین

Back to top button