اہم ترین خبریںپاکستان

عمران خان اور علامہ راجہ ناصرعباس کی اہم ملاقات، بڑی خبر سامنے آگئی

انہوں نے کہا کہ خارجہ تعلقات کے معاملے میں سارے ممالک اکٹھے ہو چکے ہیں امریکہ کا عمل دخل ختم ہو رہا ہے۔ امریکہ کے ساتھ کھڑے ہونے کی وجہ سے ہم بھی باہر نکل رہے ہیں

شیعیت نیوز: سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے اہم ملاقات کی۔اس ملاقات کے حوالے سے اہم خبر سامنے آگئی ہے، شیعیت نیوز کے ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کے درمیان ہنجاب کے انتخابات کے حوالے سے خاص پیش رفت ، پی ٹی آئی نے 287 حلقوں میں ٹکٹوں کی تقسیم کا مرحلہ مکمل کرلیا،10سیٹیں اتحادیوں میں تقسیم ، مجلس وحدت مسلمین کو دو نشستیں دی جائیں گی،دوسری جانب ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، اتحادی حکومت کی مسلسل آئین شکنی اور ریاستی اداروں کی تضحیک پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔وائس چیئرمین ایم ڈبلیو ایم علامہ احمد اقبال رضوی بھی ملاقات میں موجود تھے۔

ملاقات کے بعد زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال نو اپریل سے ہمارا ملک سیاسی بحران کا شکار ہے، جب امپورٹڈ رجیم لایا گیا۔ یہ سمجھتے تھے ہم حکومت گرا کر، افراد کو خرید کر حکومت حاصل کر کے آگے بڑھ جائیں گے لیکن ملک میں نہ صرف سیاسی بحران پیدا ہوا بلکہ آئینی اور معاشی بحران بھی پیدا ہو گیا۔ یہ حکمران جو ہم پر مسلط کئے گئے ہیں یہ نہ آئین کو مانتے ہیں نہ سپریم کورٹ کو مانتے ہیں۔ انہوں نے آئین کی خلاف ورزی کر کے آئین کی توہین کی ہے۔ ان کے لیے پاکستان کی ریاست اور عوام کوئی معنی نہیں رکھتی۔

یہ بھی پڑھیں: نیا عالمی اور علاقائی نظم آزاد اقوام کے حق میں قائم ہو رہا ہے، آیت اللہ رئیسی

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی مہنگائی کے خلاف مشترکہ اجلاس نہیں کیا۔ یہ آپ کو بلڈوز کرنا چاہتے ہیں، پاکستان کو خطرناک بحران کا شکار کر رہے ہیں۔ ہمیں باہر نکلنا ہوگا، ہم ججز کے ساتھ ہیں وہ جو بھی آئین کی بحالی کے لیے فیصلہ کریں گے، عوام کی اکثریت پاکستان اور آئین کے ساتھ ہیں، پاکستان کی عوام دوبارہ بنگلہ دیش نہیں بننے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام تقسیم نہیں ہوئی ہے، ہمیں پہلے مختلف بنیادوں پر تقسیم کیا گیا۔ آج پاکستان ایک موقف پر سارے اکٹھے ہو چکے ہیں، مسلکوں کی نفرت مٹا دی گئی ہے۔ اب پاکستانی عوام ایک قوم بننے جا رہی ہے۔ ان کے لیے یہ خوف کی علامت ہے کہ عوام اکٹھے کیوں ہو رہے ہیں۔ پاکستان اب اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گا۔ پاکستان ایٹمی ملک ہونے کے باوجود تنہا ہو چکا ہے کوئی اس کو پوچھ نہیں رہا۔ جب بھکاری حکمران ہوں گے تو یہی صورتحال ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: صہیونی حکومت تاریخ کی کمزور ترین پوزیشن پر کھڑی ہے، ترجمان وزارت خارجہ ایران

انہوں نے کہا کہ خارجہ تعلقات کے معاملے میں سارے ممالک اکٹھے ہو چکے ہیں امریکہ کا عمل دخل ختم ہو رہا ہے۔ امریکہ کے ساتھ کھڑے ہونے کی وجہ سے ہم بھی باہر نکل رہے ہیں۔ حکمرانوں کے پاس بحرانوں کو ختم کرنے کا کوئی فارمولا نہیں ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ عمران خان سے ملک کی سیاسی صورتحال خصوصاً حکمرانوں کی آئین شکنی اور مہنگائی سمیت دیگر اہم معاملات پر بات ہوئی ہے اور ان معاملات پر ہم عمران خان کے موقف کی تائید کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ اگر پنجاب میں انتخابات سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق آئینی مدت میں انجام پذیر ہوجاتے ہیں تو پاکستان تحریک انصاف اور اس کے اتحادی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے اور ملک دشمن گھس بیٹھیوں کو بدترین شکست کا سامنا ہوگا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button