علامہ ساجد نقوی کی اپیل پرشیعہ علماءکونسل کی ملک بھرمیں القدس ریلیاں، اسلام آباد میں پولیس اور کارکنان میں تصادم

14 اپریل, 2023 15:20

شیعیت نیوز: علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر ملک بھر میں شیعہ علماء کونسل کے زیراہتمام یوم القدس منایا گیا۔ نماز جمعہ کے بعد فرزندان توحید نے القدس ریلیاں نکال کر مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیا اور اسرائیل کی ناجائز ریاست کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔

لاہور پریس کلب کے باہر القدس ریلی کی قیادت سیکرٹری شیعہ علماء کونسل پنجاب قاسم علی قاسمی نے کی۔ ریلی میں شیعہ سنی مسالک کے اکابرین، خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی اور اسرائیل اور امریکہ کیخلاف نعرہ بازی کی۔ اس موقع پر ناجائز صیہونی ریاست اسرائیل کا پرچم بھی نذر آتش کیا گیا۔ قدس ریلی میں مختلف قراردادیں منظور کرتے ہوئے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیا گیا اور عالمی برادری سے مسئلہ فلسطین کے حل کا مطالبہ کیا گیا، اور فلسطینی سرزمین پر یہودی بستیوں کی مزید تعمیر پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایس او پاکستان ملک بھر میں 400 سے زائد مقامات پر القدس ریلیاں نکالے گی، ابوذر ہادی

ریلی کے شرکاء نے متنازع فوجداری بل 2021 اور صرف ایک ہی مکتبہ فکر کے ترجمان تعلیمی نصاب کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ زبردستی منظور کی گئی کسی بھی قانون سازی کو تسلیم نہیں کریں گے۔ حکومت تمام مسالک کیلئے قابل قبول نصاب تعلیم تشکیل دے۔ ایک قرارداد میں کہا گیا کہ یہ اجتماع ملک میں جاری معاشی بحران اور سیاسی عدم استحکام سے کو تشویش کی نظر سے دیکھتا ہے اور قرار دیتا ہے کہ مذاکرات ہی مسئلے کا واحد حل ہے۔ قرارداد کے ذریعے ملک میں دہشتگردی کے واقعات کی مذمت کی گئی اور تشویش کا اظہار کیا گیا کہ اتنے بڑے سانحات میں سے کسی ایک کے بھی حقائق منظر عام پر نہیں لائے گئے۔

اجتماع میں ملک میں جاری ہوشربا مہنگائی اور آٹے کے بحران پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ ریلی میں وفاق المدارس الشیعہ اور جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے رہنما بھی شریک ہوئے۔ مرکزی رہنما شیعہ علماء کونسل حافظ کاظم رضا نقوی، علامہ حسن رضا قمی، حاجی عامر رشید، علامہ اصغر عارف چشتی، مفتی عاشق حسین، پرویز اکبر ساقی، احتضان کاظمی، چودھری صغیر عباس ورک، بابا محمد شفیق بٹ، قاری خالد محمود، پروفیسر محمود غزنوی، رانا منان، پیر ایس اے جعفری، پنڈت بھگت لعل، بشپ افضل اور دیگر بھی شریک ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: ملی یکجہتی کونسل پاکستان کا یوم القدس کے موقع پر ملک بھر میں مظاہروں اور جلسوں کے انعقاد کا اعلان

ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں پی ڈی ایم حکومت کی طرف سے قائد محترم علامہ ساجدعلی نقوی کے حکم پر نکالی گئی ریلی پر لاٹھی چارج کیا گیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ چند افراد کو 2014 سے متروک روڈ پر الگ سے ریلی نہیں نکالنے دے سکتے۔ مرکزی ریلی کو سیکورٹی فراہم کر رہے ہیں۔

دوسری جانب کراچی میں ایس یو سی کی جانب سے علامہ شبیر حسن میثمی کی زیر قیادت ریگل چوک سے پریس کلب تک القدس ریلی نکالی گئی جس میں علمائے کرام سمیت کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی ، شرکاء ہاتھوں میں بینرز، پلے کارڈ ،تنظیمی پرچم اور علامہ ساجد علی نقوی کی تصاویر اٹھارکھی تھیں اور امریکا اور اسرائیل کے مظالم کے خلاف اور مظلومین فلسطین کے حق میں نعرے بازی کی ۔

علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم پر ضلع خیرپورمیرس سندھ میں شیعہ علماء کونسل کی جانب سے مظلوم فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے مرکزی القدس ریلی پریس کلب تک نکالی گئی تمام مسلمانوں نے بھرپور شرکت کی ۔

یہ بھی پڑھیں: علامہ ساجد علی نقوی کی اپیل پر ملک بھرمیں یوم القدس کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ، علامہ شبیر میثمی

شیعہ علماء کونسل کی جانب سے جھل مگسی بلوچستان میں مظلوم فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے مرکزی القدس ریلی پریس کلب تک نکالی گئی تمام مسلمانوں نے بھرپور شرکت کی ۔

شیعہ علماء کونسل کی جانب سے ضلع نوشہروفیروز سندھ میں مظلوم فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے مرکزی القدس ریلی پریس کلب تک نکالی گئی تمام مسلمانوں نے بھرپور شرکت کی۔

علاوہ ازیں چاروں صوبوں ، آزاد جموں وکشمیر، گلگت بلتستان میں بھی شیعہ علماء کونسل نے علامہ سید ساجد علی نقوی کی حکم پر القدس ریلیاں نکالیں اور امریکا اور اسرائیل کے خلاف اپنے غم و غصے کا اظہار کیا۔

 

10:32 صبح مارچ 10, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top