دنیا

جرمنی: ایئرپورٹس کے ملازمین کی وسیع ہڑتال، 680 پرواز منسوخ

شیعیت نیوز: جرمنی کے سرکاری ذرائع نے کہا ہے کہ چار ایئرپورٹس کے ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے ملک میں کم از کم 680 پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جرمنی کی سرکاری خبررساں ایجنسی نے آج اطلاع دی ہے کہ ملک کے چار ایئرپورٹس کے ملازمین کی وسیع ہڑتال کے باعث کم از کم 680 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔

حالیہ دنوں میں، ’’ورڈی‘‘ Ver.di ٹریڈ یونین کی طرف سے ایک روزہ ہڑتال کی کال جرمنی کے چار اہم ایئرپورٹس پر سینکڑوں پروازوں کی منسوخی کا سبب بنی۔

ایئرپورٹس کے سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین اور کارکنوں کی گزشتہ پیر کی ہڑتال کے باعث بریمن، برلن، ہیمبرگ اور ہینوور کے ایئرپورٹس پر آنے والی اور جانے والی پروازیں متاثر ہوئیں۔

ورڈی ٹریڈ یونین نے اپنی کال میں کہا کہ یہ ہڑتال رات کے کام اور ویک اینڈ شفٹوں کے لیے زیادہ اجرت کے لیے برسوں کے مذاکرات کی عدم کامیابی کے بعد دی گئی۔

مذکورہ رپورٹ کے مطابق، 2006 سے اس شعبے میں مزدوروں کی مراعات میں اضافہ نہیں ہوا اور حکومت نے اپنے وعدوں پر عمل نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھیں : مشرقی یوکرین میں چینی ڈرون تباہ، مغربی میڈیا کا دعویٰ

دوسری جانب فرانسیسی عوام ایک بار پھر ریٹائرمنٹ سے متعلق صدر میکرون کی پالیسیوں کے خلاف سڑکوں پر اتر آئے ہیں۔

پیرس میں بلوا پولیس کی بڑے پیمانے پر تعنیاتی کے باوجود ہزاروں افراد نے پارلیمنٹ کے سامنے مظاہرہ کیا اور حکومت مخالف نعرے لگائے۔

مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں ایسے بینر اور پلے کارڈ ا ٹھا رکھے تھے جن پر ’’ہم اس نام نہاد جمہوریت کے خلاف کھڑے ہیں‘‘ اور ’’حکومت کے یہ اقدامات حد سے تجاوز کر گئے ہیں‘‘ جیسے نعرے لکھے ہو ئے تھے۔

ساحلی شہر مارسلی، جنوبی شہر نانٹیس، رینس اور لیون میں بھی، حکومت مخالف مظاہروں کی اطلاعات ملی ہیں ۔

فرانسیسی پولیس نے حکومت کے خلاف مظاہرہ کرنے والے سیکڑوں افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق اسّی فیصد فرانسیسی عوام میکرون کی ریٹائرمنٹ پالیسی کے خلاف ہیں اور جمہوریت پر ان کا یقین دن بدن کم ہوتا جا رہا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button