ایران

مغرب کے دوہرے معیار پر ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان کا ردعمل

شیعیت نیوز: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے تاکید کی ہے کہ ایران کے سلسلے میں مغرب کا رویہ دوہرے معیار کا حامل اور اس کے دعوے بالکل بے بنیاد ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے ایران کے سلسلے میں جرمن چانسلر کے بیان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کے آزاد ممالک اور عالمی رائے عامہ، مغرب کے دوہرے معیار سے تنگ آچکی ہے۔

انھوں نے کہا کہ جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی ایران کی کوشش اور دیگر ملکوں کے لئے ایران کے خطرہ ہونے کا دعوی ایسا جھوٹ ہے جو صیہونی حکام کی ہاں میں ہاں ملاتے ہوئے مغربی ملکوں کے حکام بولتے رہتے ہیں ۔

ناصر کنعانی نے کہا کہ جرمن حکام آئی اے ای اے کی نگرانی میں پرامن جوہری پروگرام کو ایسی حالت میں خطرہ بتا رہے ہیں کہ مقبوضہ فلسطین کی غاصب صیہونی حکومت کے ایٹمی ہتھیاروں کے بارے میں وہ بالکل خاموش رہتے ہیں جبکہ صیہونی حکومت کا ایٹمی پروگرام نہ صرف این پی ٹی معاہدے کے خلاف بلکہ علاقے و عالمی برادری کے لئے خطرہ بھی ہے مگر مغربی ممالک اپنے دوہرے رویے کی بنا پر خاموش رہتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کی نگرانی میں ایران کے جاری پرامن ایٹمی پروگرام کے بارے میں مغربی ملکوں کے دعوے سے حقیقت کو بخوبی سمجھا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : آیت اللہ سیدعلی خامنہ ای حرم امام رضا علیہ السلام میں خطاب فرمائیں گے

دوسری جانب ایران کی اعلی قومی سلامتی کے سیکریٹری نے اس بات پر زور دیا ہے کہ موجودہ بحرانوں سے نکلنے کا راستہ، جو اگر جاری رہا تو خطے کے کسی بھی ملک کے کام نہیں آئے گا، علاقائی ممالک کے درمیان میل جول اور تعاون کے ساتھ تنازعات اور دشمنیوں کو بدلنے میں مضمر ہے۔

یہ بات ایڈمیرل علی شمخانی نے جمعرات کے روز ابوظہبی میں اپنے اماراتی ہم منصب طحنون بن زاید کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ خلیج فارس کے اسٹریٹجک علاقے کے ممالک کے درمیان اختلافات اور عدم اعتماد خطے کی اقتصادی ترقی اور غیر علاقائی دشمنوں کی خواہش میں ایک سنگین رکاوٹ ہے۔

ایڈمیرل شمخانی نے کہا کہ ایران اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات کی ترقی کے لیے ایک سال پہلے سے جو موزوں بنیادیں بنائی گئی ہیں ان کو مدنظر رکھتے ہوئے میں اس سفر کو دونوں ممالک کے لیے سیاسی، اقتصادی اور سیکورٹی تعلقات کے نئے مرحلے میں داخل ہونے کے لیے ایک بامعنی آغاز سمجھتا ہوں۔

شیخ طحنون بن زاید نے بھی ایڈمرل شمخانی کے متحدہ عرب امارات کے انتہائی اہم دورے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عظیم اور طاقتور ملک ایران کے ساتھ تعاون اور دوستی متحدہ عرب امارات کے لیے بہت اہم اور قیمتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ابوظہبی اور تہران کے درمیان گرمجوشی اور برادرانہ تعلقات کی ترقی متحدہ عرب امارات کی ترجیحات میں شامل ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button