اسرائیلی فوج کی سکیورٹی میں یہودی آباد کاروں کا مسجد اقصیٰ پر دھاوا

16 مارچ, 2023 11:11

شیعیت نیوز: آج جمعرات کو صبح قابض صہیونی فوج نے مسجد الاقصیٰ کے صحنوں پر دھاوا بول دیا۔ بعد ازاں یہودی آباد کاروں کی بڑی تعداد نے اسرائیلی پولیس اور فوج کی فول پروف سکیورٹی میں مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولا۔

مقامی ذرائع نے بتایا کہ قابض صہیونی فورسزکی فول پروف سکیورٹی میں درجنوں یہودی آباد کاروں نے جمعرات کو علی الصبح  مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولا اور جگہ جگہ پھیل گئے۔

اس دوران قابض صہیونی فوج کی موجودگی میں آباد کاروں نے تلمودی تعلیمات کےمطابق مذہبی رسومات ادا کیں۔

قابض صہیونی فوج کے گھیراؤ سے قبل فلسطینیوں کی بڑی تعداد قبلہ اول میں موجود تھی۔ انہوں نے اسرائیلی فوج کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ فلسطینی نمازیوں کے’اللہ اکبر‘ کے فلک شگاف نعروں سے قبلہ اول کی فضا گونج اٹھی۔

یہ بھی پڑھیں : ایران اور مصر کے تعلقات کی مبینہ بحالی پر صہیونی پریشان

اس دوران فلسطینی نوجوانوں نے صہیونی فوج پر سنگ باری کی جب کہ دوسری طرف سے قابض فوجیوں نے فلسطینی نمازیوں کو قبلہ اول سے باہر نکالنےکے لیے ان پر طاقت کا استعمال کیا اور ان پر صوتی بم برسائے۔

قابض صہیونی افواج کی مخالفت میں نمازیوں کے ایک گروپ نے مسجد کے صحنوں میں اجتماعی نماز ادا کرنا شروع کردی۔

بعد میں ہونے والی پیش رفت میں درجنوں آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ پر دھاوا بول دیا۔ یہودی شرپسندوں کو قابض فوج کی جانب سے فول پروف سکیورٹی فراہم کی گئی تھی۔

جیسے ہی آباد کاروں کے پہلے گروہ نے الاقصیٰ کے صحن پر دھاوا بولا تو وہاں پرموجود مردو خواتین نمازیوں نے تکبیر کے نعرے لگائے اور قبلہ اول کے دفاع کے عزم اور اس کی آزادی کے لیے نعرے لگائے۔

خیال رہے کہ جمعہ اور ہفتے کے سوا باقی تمام ایام میں یہودی آباد کار اسرائیل فوج اور پولیس کی سرکاری سرپرستی میں قبلہ اول پر دھاوے بولتے اور وہاں پر تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات ادا کرتے ہیں۔

1:16 صبح مارچ 12, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔