مقبوضہ فلسطین

الجہاد الاسلامی فی فلسطین اور حماس کی جانب سے تہران۔ریاض معاہدے کا خیرمقدم

شیعیت نیوز: فلسطینی مزاحمتی تحریک الجہاد الاسلامی فی فلسطین نے بھی باہمی تعلقات کی بحالی پر مبنی ایران و سعودی عرب کے حالیہ معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اپنے بیان میں الجہاد الاسلامی فی فلسطین نے تاکید کی ہے کہ ایران و سعودی عرب کا باہمی سفارتی تعلقات کی بحالی کا یہ معاہدہ؛ صحیح رستے پر ایک ’’اہم و عظیم‘‘ قدم ہے! فلسطینی مزاحمتی تحریک نے تاکید کی کہ خطے میں موجود تناؤ میں کمی میں نہ صرف عرب و اسلامی بلکہ پوری دنیا کے تمام ممالک کے مفاد میں ہے۔

اپنے بیان کے آخر میں الجہاد الاسلامی فی فلسطین نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں اسلامی ممالک؛ ایران و سعودی عرب کے درمیان طے پانے والا یہ معاہدہ نہ صرف فلسطینی امنگوں کے حصول کے لئے جاری کوششوں بلکہ فلسطینی قوم کے حقوق، ان کی جدوجہد اور اپنے تاریخی و قانونی حقوق کو واپس لینے کے لئے جاری ان کی مزاحمت کی بھی بھرپور حمایت کرے گا!

یہ بھی پڑھیں : عالمی برادری کو مسلمانوں کیخلاف نفرت کا مقابلہ کرنے کیلئے اقدامات کرنا ہوگا، امیر سعید ایروانی

دوسری جانب اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے سعودی عرب اور ایران کےدرمیان چین کی ثالثی کے تحت تعلقات کی بحالی کے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس پیش رفت کو فلسطینی قوم کے نصب العین کے لیے اہم قرار دیا ہے۔

حماس کے عرب اور اسلامی تعلقات کے دفتر کے سربراہ اور حماس کے سیاسی بیورو کے رکن خلیل الحیا نے کہا ہے کہ ان کی جماعت سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات کی بحالی کا خیرمقدم کرتی ہے۔

ایک بیان میں جس کی ایک کاپی جمعہ کو فلسطینی انفارمیشن سینٹر کو موصول ہوئی میں الحیا نے تعلقات کی بحالی کو قوم کی صفوں میں اتحاد، سلامتی اور عرب اور اسلامی ممالک کے درمیان افہام و تفہیم کو مضبوط بنانے کے راستے پر ایک اہم قدم قرار دیا۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ اہم قدم فلسطینی کاز کے مفاد میں ہے اور قابض صیہونی ریاست اور ہماری سرزمین، عوام اور مقدسات کے خلاف اس کی مسلسل جارحیت کے مقابلے میں ہماری قوم کی ثابت قدمی کی حمایت کرتا ہے۔

خیال رہے کہ کل جمعہ کو سعودی عرب اور ایران کے درمیان چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ایک مشترکہ بیان جاری کیا گیا جس میں چین کی کوششوں سے دونوں ملکوں نے سفارتی تعلقات کی بحالی کا اعلان کیا ہے۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button